عمران خان اور تحریک انصاف نے آزادی مارچ کے لئے غلط وقت کا انتخاب کیا،59فیصد پاکستانیوں کی رائے،نواز شریف اور ان کی حکومت نے ملک کو مذاق بنا رکھا ہے ،38فیصد کا خیال، پیس کور کا سروے،طاہر القادری کے انقلاب پروگرام کو71فیصد پاکستانیوں نے ملک کے خلاف سازش قرار دیدیا

اتوار 10 اگست 2014 09:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10اگست۔2014ء) پاکستانی شہریوں کی اکثریت نے تحریک انصاف کے آزادی لانگ مارچ کے لئے منتخب کئے گے وقت کو غلط جبکہ طاہر القادری کے انقلاب پروگرام کو ڈرامہ قراردیدیا۔اکثریت پاکستانیوں کا خیال ہے کہ طاہر القادری کا انقلاب پروگرام پاکستان کو خانہ جنگی کی جانب لے جا سکتا ہے۔پاکستان انٹرنل سیچویشن سنٹر آف ریسرچ (پیس کور ) کی جانب سے کئے جانے والے سروے میں ملک بھر میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے 3281افراد نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔

59فیصد پاکستانیوں کا خیال ہے کہ عمران خان اور تحریک انصاف نے آزادی مارچ کے لئے غلط وقت کا انتخاب کیا ہے،چودہ اگست یوم آزادی ہے اور یہ ایک ایسا دن ہے جب ہمیشہ پورا پاکستان یک جان ہوا ہوتا ہے،لیکن عمران خان کے لانگ مارچ کی وجہ سے اس دن کے باعث ملک میں پائی جانے والی یکجہتی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ38فیصد پاکستانیوں کا خیال اس کے برعکس ہے،ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور ان کی حکومت نے ملک کو مذاق بنا رکھا ہے ،

اس لئے انکی حکومت کے خاتمے کے لئے تحریک انصاف کا لانگ مارچ بہر صورت درست اقدام ہے۔

دوسری جانب طاہر القادری کے انقلاب پروگرام کو71فیصد پاکستانیوں نے ملک کے خلاف سازش قرار دیا ہے، ان کا خیال ہے کہ موجودہ حالات میں طاہر القادری کا انقلاب پروگرام ملک کو صرف اور صرف افراتفری کی جانب ہی لے جا سکتا ہے جس سے پاکستان بھی عرب ملکوں کی طرح خانہ جنگی کا شکار ہو سکتا، اورطاہرالقادری کا انقلاب ملک کے حالات بدتر کردے گا،کیونکہ انکے پاس انقلاب کو کوئی ویژن نہیں ہے۔جبکہ 16فیصد پاکستانی طاہر القادری کو غیر سنجیدہ قرار دیتے ہوئے انکے کسی بھی پروگرام پر بات کرنا ہی فضول قرار دیتے ہیں۔صرف8فیصدافراد کو خیال ہے کہ ملک کو تبدیلی کی ضرورت ہے اس لئے جہاں تمام سیاسی طاقتوں کو آزما لیا گیا ہے وہیں ایک موقع طاہر القادری کو بھی موقع دے دینا چاہئے۔