عمران خان نے حکومتی مذاکراتی ٹیم سے ملنے سے صاف انکار کردیا ،خورشید شاہ ،محمود خان اچکزئی ، میر حاصل بزنجو حکومتی مذاکراتی ٹیم میں شامل ، جماعت اسلامی کے ذریعے عمران خان سے ملنے کی خواہش ، آئین کے اندر رہتے ہوئے تمام مطالبات حل کرنے کی یقین دہانی، حکومت نے لانگ مارچ میں کھڑی رکاوٹیں ختم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ، ذرائع

اتوار 10 اگست 2014 09:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10اگست۔2014ء)تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے حکومت کی مذاکراتی ٹیم سے ملنے سے صاف انکار کردیا ۔ ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ حکومت کی مذاکراتی ٹیم میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ ، پشتونخواہ میپ کے محمود خان اچکزئی اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے میر حاصل بزنجو مذاکراتی کمیٹی میں شامل ہیں جنہوں نے جماعت اسلامی کے ذریعے عمران خان سے ملنے کی خواہش کا اظہار کیا اور ان کے مطالبات آئین کے اندر رہتے ہوئے حل کرانے کی یقین دہانی کرائی ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے مزید بتایا کہ عمران خان نے حکومتی مذاکراتی ٹیم سے ملنے سے صاف انکار کیا ہے کہ اب وقت بہت گزر چکا ہے حکومت سے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں اب حکومت نے عمران خان کے لانگ مارچ میں کھڑی رکاوٹیں بھی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ فیصلہ کیا ہے کہ عمران خان اسلام آباد میں کتنے لوگوں کو کس طرح لاتے ہیں اور کتنے دن بیٹھتے ہیں ۔