پنجاب حکومت نے طاہر القادری اور پولیس پر حملہ کرنے والے کارکنوں کیخلاف دہشتگردی اور بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کر لیا‘وزیرقانون پنجاب،چند سیاسی یتیم مل کر پاکستان کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، رانا مشہود،پاکستان کے عوام غیرملکی ایجنٹوں کو ایسا کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے، عمران خان نے لاہور کے لوگوں کی محبت تو دیکھی ہے ، انہیں مجبور نہ کیا جائے کہ وہ اپنا غصہ بھی دکھائیں،جھوٹ کی بنیاد پر لانگ مارچ کا ارادہ ترک نہ کیا تو لاہور کے لاکھوں عوام زمان پارک کا گھیراؤ کریں گے، صوبائی وزیر قانون

اتوار 10 اگست 2014 09:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10اگست۔2014ء) پنجاب حکومت نے طاہر القادری اور پولیس پر حملہ کرنے والے کارکنوں کیخلاف دہشتگردی اور بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ وزیرقانون رانا مشہود کہتے ہیں طاہرالقادری کا مقدر اب جیل کی سلاخیں ہیں۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا مشہود کا کہنا تھا کہ عوامی تحریک نے پنجاب کے سات شہروں کو یرغمال بنانے کا پروگرام بنایا تھا ہنگامہ کرنے والوں کی فوٹیجز موجود ہیں ،حملہ کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے گا۔

رانا مشہود نے کہا کہ ہماری انتظامیہ نے طاہرالقادری سے رابطہ کیا اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے کو کہا مگر انہوں نے کان نہیں دھرے۔ طاہرالقادری کا مقدر اب جیل کی سلاخیں ہیں۔وزیرقانون پنجاب کا کہنا تھا کہ طاہرالقادری خون کی سیاست کررہے ہیں ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طاہر القادری کی کینیڈین شہریت منسوخ کروانے کے لئے قانونی ماہرین نے خط تیار کر کے پنجاب حکومت کے سپرد کر دیا ہیجو جلدوفاقی حکومت کو بھجوا دیا جائے گا‘آئینی ماہرین کی جانب سے تیار خط میں کہا گیا ہے کہ طاہر القادری پاکستان میں غیر آئینی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔

ان کے خلاف مقدمات بھی درج ہو چکے ہیں جبکہ بہت سے الزامات کی تحقیقات بھی جاری ہیں لہٰذا کینیڈین شہریت منسوخ کی جائے۔

وزیر قانون پنجاب رانا مشہود احمد کے مطابق جلدوفاقی حکومت کو بھجوا دیا جائے گا۔ وفاقی حکومت یہ خط کینیڈین حکومت کو ارسال کرے گی ، خط کی ایک کاپی کینیڈین سفارتخانے کو بھی بھجوائی جائے گی‘ دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تھانہ فیصل ٹاوٴن میں ڈاکٹر طاہر القادری کیخلاف بغاوت اور کارکنوں کو تشدد پر اکسانے کا مقدمہ درج کیا جائے گا جبکہ کارکنوں کیخلاف پولیس پر تشدد اور دہشتگردی کا مقدمہ درج کیاجائے گا۔

وزیرقانون پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ قوم نے 2013 ء کے الیکشن میں مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں نواز شریف کو پاکستان کی خوشحالی اوراستحکام کا مینڈیٹ دیا تھا - آج پاکستان کی ترقی کا سفر شروع ہواہے تو طاہرالقادری ، عمران خان اورچند سیاسی یتیم مل کر غیرملکی طاقتوں کے اشارے پر پاکستان کو کمزور کرنے میں لگ گئے ہیں-پاکستان کے عوام ان غیرملکی ایجنٹوں کو ایسا کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے،انہوں نے یہ بات اپنے حلقہ انتخاب گلشن راوی لاہور میں پاکستان کے یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں مسلم لیگی کارکنوں کے ساتھ عوامی ریلی سے خطاب میں کہی جس میں ہزاروں لوگوں نے قومی پرچم ہاتھوں میں تھام کر پرجوش انداز میں شرکت کی،رانا مشہود احمد خاں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی پی 149 لاہورکے غیور عوام نے بہت بڑی تعداد میں پاکستان کی آزادی کے حوالے سے اس تقریب میں شرکت کرکے پاکستان کی بربادی چاہنے والوں کو یہ پیغام دے دیا ہے کہ وہ وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف اوروزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے ساتھ ہیں اور پاکستان کے خلاف ہر سازش ناکام بنانے کے لئے میاں نواز شریف کے ہاتھ مضبوط کریں گے-رانا مشہود احمد خاں نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو مخاطب کرکے کہا کہ وہ نمونے کے طورپر لاہور کے صرف ایک صوبائی حلقے میں پاکستان کی خالق جماعت کے کارکنوں کے ٹھاٹھیں مارتے ہوئے سمندر کو دیکھ لیں-ہمیں ہر حلقے میں عوامی حمایت کا ایسا ہی نمونہ روزانہ دکھانے پر مجبور نہ کیا جائے-

انہوں نے کہا کہ عمران خان جھوٹ کی بنیاد پر لوگوں کو اسلام آباد لے جانے کی ضد پر اٹکا ہوا ہے -ہم سچ کی بنیاد پر لوگوں کا سمندر خیبرپختونخوا لے جائیں گے-اگر طاہرالقادری20ہزار لوگ لے کر یہ کہتا ہے کہ میں نظام بدل دوں گا اور عمران خان 50ہزار لوگ لے جا کرمڈٹرم الیکشن کا مطالبہ کرسکتا ہے تو ہم لاکھوں لوگ لے کرعمران خان کا راستہ لاہور میں روکیں گے - اسلام آباد تو کافی دور واقع ہے ، ہم زمان پارک لاہور کا گھیراؤ کریں گے-لاہورمیں عمران خان نے اپنا بچپن گزارا تھا - جس شہر کی وجہ سے اسے دنیا میں عزت ملی ، آج اسی شہر کے لوگوں کا دیا ہوا مینڈیٹ عمران خان کو گوارا نہیں-اس کی حرکتیں مسلم لیگ کو ووٹ دینے والے عوام کا مذاق اڑانے کے مترادف ہیں-رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ عمران خان نے اس شہر کے لوگوں کی محبت تو دیکھی ہے ، انہیں مجبور نہ کیا جائے کہ وہ عمران خان کو اپنا غصہ بھی دکھائیں-قبل ازیں قومی اسمبلی کے رکن مہر اشتیاق احمد نے عوامی ریلی سے خطاب میں کہا کہ 1999 ء میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ختم کرنے کے نتیجے میں قوم کو مہنگائی اور بے روزگاری کے عذاب سے گذرنا پڑا اور قوم آج تک اس کا خمیازہ بھگت رہے ہیں-انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام میاں نواز شریف کے ساتھ ہیں اور ان کی قیادت میں عوام کی خوشحالی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔