کسی پارٹی نے ڈیل کی تو پاکستان میں اس کا سیاسی مستقبل ختم ہو جائیگا: چودھری پرویزالٰہی ،نوازشریف، شہباز شریف کی حکومت گرنے کی تاریخ لکھی جائے گی تو اس میں 95 فیصد ان کا اپنا قصور نکلے گا: میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 9 اگست 2014 05:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اگست۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما اور سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ حکومت نے بوکھلاہٹ میں ہر ضلع میں ہمارے اور ڈاکٹر طاہر القادری کے ورکروں پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے، خواتین جہاں ہیں وہاں بھی چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا جا رہا ہے، ان حالات میں اگر کوئی سیاسی پارٹی ڈیل کرتی ہے تو اس کا سیاسی مستقبل ختم ہو جائے گا، ہماری پارٹی کا مستقبل روشن ہے کیونکہ ہم عام آدمی کی بھلائی اور برے حالات کو بہتر کرنے کیلئے نکلے ہیں۔

وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی حکومت گرنے کی جب تاریخ لکھی جائے گی تو اس میں 95 فیصد قصور ان کا اپنا ہو گا،

عوام کو ان حکمرانوں کا مکروہ چہرہ نظر آنا شروع و گیا ہے یہ بات جمہوریت کی کرتے ہیں اصل میں یہ ڈکٹیٹر ہیں، ٹی وی چینل روز عوام کو دکھا رہے ہیں کہ لوگوں کے موٹر سائیکل تھانوں میں بند کر دئیے گئے ہیں، کنٹینر لگا کر لوگوں کو گھروں میں بند کر دیا گیا ہے، جھوٹے کیس بنائے جا رہے ہیں، دفعہ 144 لگا دی گئی ہے، آئین ہر کسی کو بات کرنے، جلسہ جلوس نکالنے کی اجازت دیتا ہے حکمران کس آزادی کی بات کرتے ہیں یہ لوگوں کے حقوق سلب کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں چیف منسٹر کے آرڈر پر 14 بے گناہوں کو شہید کیا گیا، 100 سے زائد لوگوں کو سیدھی گولیاں ماری گئیں اور اس پر ستم یہ کہ اس واقعہ کی ایف آئی آر تک درج نہیں ہونے دی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ میری وزارت اعلیٰ کے دور میں بھی لانگ مارچ ہوئے، صدر زرداری کے دور میں بھی لانگ مارچ ہوا لیکن شریف برادران کو اس سے کیا مسئلہ ہے بچوں کو سکول جانے سے روکا جا رہا ہے، مریضوں کو ہسپتال نہیں جانے دیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً تمام اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، لاہور کو آنے والے تمام راستے بند کر دئیے گئے ہیں، عدالتوں کے سامنے جا کر جھوٹ بولتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہم نے کچھ نہیں کیا۔

متعلقہ عنوان :