اسلام آباد پر غیر جمہوری قو تو ں کو دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دینگے، سعد رفیق، کسی نے اسلا م آ با د اگر آ نا ہے تو اسے امن کی ضما نت دینا ہو گی،طاہر القادری کیخلاف طاقت کے استعمال کا کوئی ارادہ نہیں،پورے ملک میں عام انتخابات میں بے ضابطگیاں ہوئیں صرف پنجاب کو نشانہ بنانا درست نہیں، عمران خان کے مطالبات غیر آئینی اور غیر جمہوری ہیں جن کو پورا نہیں کیا جا سکتا، عمران خان لانگ مارچ کا فیصلہ موخر کر کے بات چیت کا راستہ اختیار کریں، شیخ رشید راولپنڈی کا نجومی ، گجرات کے چھوٹے چوہدری جمہوریت کیخلاف سازش کر کے گھناؤنا کردار ادا کر رہے ہیں،پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 9 اگست 2014 05:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اگست۔2014ء ) وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اسلام آباد پر غیر جمہوری قو تو ں کو دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دینگے، حکومت کا طاہر القادری کیخلاف طاقت کا استعمال کرنے کا کوئی ارادہ نہیں،پورے ملک میں عام انتخابات میں بے ضابطگیاں ہوئیں صرف پنجاب کو نشانہ بنانا درست نہیں، عمران خان کے مطالبات غیر آئینی اور غیر جمہوری ہیں جن کو پورا نہیں کیا جا سکتا، عمران خان لانگ مارچ کا فیصلہ موخر کر کے بات چیت کا راستہ اختیار کریں تاکہ عوام اور جمہوریت کی بھلاہو۔

جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حکومت تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو موخر کرانے اور نظام کو بچانے کیلئے گفت و شنید کے ساتھ معاملات کو آگے بڑھا رہی ہے، اس میں سیاسی برادری اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آج تک جتنے بھی مطالبات پیش کئے ہیں ان کا آئینی راستہ نہیں بتایا اور یہ مطالبات غیر آئینی و غیر جمہوری ہیں جن کو پورا نہیں کیا جا سکتا تاہم حکومت کوشش کر رہی ہے کہ گفت وشنید کے ذریعے معاملات کو حل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں لاکھوں آئی ڈی پیز باہر ہیں، افواج پاکستان شمالی وزیرستان میں پاکستان کی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہے، پورا ملک حالت جنگ میں ہے اور اس وقت قوم کو تقسیم کرنے کی باتیں درست نہیں۔ عمران خان جذبات اور غصے کی بجائے فہم و دانش کی راہ اختیار کریں تاکہ جمہوریت کو مضبوط، عوام کی خدمت اور دہشت گردی سے نمٹا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں بھی بے ضابطگیاں دیکھنے کو ملی ہیں جس طرح کراچی سے تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی حفیظ الدین کے نتائج تبدیل ہوئے ہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ تحریک انصاف کو کراچی میں پڑنے والے تمام ووٹ جعلی تھے۔

عمران خان دھول مٹی اڑانے کی بجائے افہام و تفہیم کا راستہ اختیار کریں اور ایک دوسرے کے مینڈیٹ کو تسلیم کریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پرامن رہنے کی تحریری گارنٹی دیں تو اسلام آباد میں انہیں احتجاجی جلسہ کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔

ڈاکٹر طاہر القادری کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومت کا عوامی تحریک کیخلاف طاقت کا استعمال کرنے کا کوئی ارادہ نہیں لیکن جس طرح سے طاہر القادری اشتعال انگیز بیانات دے رہے ہیں ان سے فکر پیدا ہوئی ہے۔

پہلے بھی طاہر القادری کے اشتعال انگیز بیانات کی وجہ سے نہ چاہتے ہوئے بھی بہت کچھ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طاہر القادری، ان کے کارکنوں اور اسلام آباد کے شہریوں کو تحفظ دینے کیلئے ضروری ہے کہ حفاظتی اقدامات کئے جائیں۔ حکومت کسی صورت اسلام آباد پر غیر جمہوری قوتوں جن کی پارلیمنٹ میں کوئی نمائندگی نہیں ہے ان کو شہر پر دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دینگے۔ خواجہ سعد رفیق نے شیخ رشید احمد کو راولپنڈی کا نجومی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اور گجرات کے چھوٹے چوہدری جمہوریت کیخلاف سازش کر کے گھناؤنا کردار ادا کر رہے ہیں اور اپنا نام تاریخ میں شامل کر رہے ہیں۔ دونوں کے درمیان سب سے بڑا سازشی ہونے کی ریس لگی ہوئی ہے اور عوام ان کو دیکھ رہی ہے۔