ججز نظر بندی کیس ، میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر مشرف کو 18ویں بار عدالت میں حاضری سے استثنیٰ مل گیا، سا بق صدر کی تازہ میڈیکل رپورٹ خصوصی عدالت میں پیش ، ملزم میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر پہلے بھی کئی بارعدالت میں حاضری سے استثنیٰ حاصل کر چکا ہے‘ استثنیٰ کی درخواست مسترد کی جائے،پراسیکیوٹر کا اعترا ض،مقدمہ کی سماعت 29اگست تک ملتوی

ہفتہ 9 اگست 2014 05:13

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اگست۔2014ء) سابق صدر پرویز مشرف کو ججز نظر بندی کیس میں میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر 18ویں بار عدالت میں حاضری سے استثنیٰ مل گیا ،انسداد دہشت گردی اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے سابق صدر کی میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے مقدمہ کی سماعت 29اگست تک ملتوی کر دی ہے۔جمعہ کے روز سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف ججز نظر بندی مقدمہ کی سماعت انسداد دہشت گردی اسلام آباد کی خصوصی عدالت میں ہوئی۔

مقدمہ کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج عتیق الرحمن نے کی۔سماعت کے موقع پر پرویز مشرف کے وکیل نے عدالت کے روبرو پیش ہو کر ان کی تازہ میڈیکل رپورٹ پیش کی اور عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی فاضل عدالت کے سامنے پیش کرتے ہوئے استدعا کی کہ ان کے موٴکل کو حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔

(جاری ہے)

تاہم مذکورہ تازہ میڈیکل رپورٹ پر سپیشل پبلک پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش نے اعتراض اٹھائے اور کہا کہ ملزم میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر پہلے بھی کئی بارعدالت میں حاضری سے استثنیٰ حاصل کر چکا ہے لہذا ملزم پرویز مشرف کی عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کی جائے۔

فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے پرویز مشرف کی عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کو تازہ میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر منظور کرتے ہوئے انہیں حاضری سے ایک روز کا استثنیٰ دے دیا ہے اور مقدمہ کی سماعت 29اگست تک ملتوی کر دی ہے۔واضح رہے اس سے قبل پروزی مشرف کو ججز نظر بندی کیس میں میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر فاضل عدالت نے سترہ بار حاضری سے استثنیٰ دیا ہے اور اب تازہ میڈیکل رپورٹ پر پرویز مشر ف اٹھارویں بار عدالت میں حاضری سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :