پاکستان کی معیشت میں بہتری آئی ہے،اقوام متحدہ ، گزشتہ سال مہنگائی میں سات اعشاریہ چار فیصد کمی ہوئی اور حالیہ مہینوں میں روپے کی قدر میں اضافہ ہوا ،،مینوفیکچرنگ آپریشنز،متبادل توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری، استعداد کار میں اضافے سے صنعتی پیداوار بڑھی، رپورٹ

جمعرات 7 اگست 2014 06:48

جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7اگست۔2014ء ) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ حالیہ چند ماہ میں پاکستان کی معیشت میں بعض مثبت تبدیلیاں آئی ہیں اور رواں مالی سال کے دوران شرح نمو بہتر ہورہی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایشیا اور بحرالکاہل کیلئے اقوام متحدہ کا اقتصادی اور سماجی کمیشن کی جانب سے جاری 2014 اقتصادی اور سماجی سروے رپورٹ میں بڑے پیمانے پر مینوفیکچرنگ صنعتوں کی ترقی ، نجی شعبے کو قرضوں کی زیادہ فراہمی ، غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر اور روپے کی قدر میں اضافے کا خاص طور پر ذکر کیاگیاہے۔

(جاری ہے)

سروے میں کہاگیاہے کہ خصوصاََبڑے پیمانے پر مینوفیکچرنگ آپریشنز اور متبادل توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری اور استعداد کار میں اضافے سے صنعتی پیداوار بڑھی۔سروے میں کہاگیا ہے کہ گزشتہ سال مہنگائی میں سات اعشاریہ چار فیصد کمی ہوئی اور حالیہ مہینوں میں روپے کی قدر میں اضافہ ہوا جس سے رواں مالی سال میں افراط زر پر قابو پانے میں مدد لے گی۔رپورٹ میں کہاگیاہے کہ مالیاتی خسارے میں کمی ترقیاتی اور سماجی اخراجات کی قیمت پر نہیں بلکہ محاصل کی وصولی میں اضافے کے اقدامات ، ملکی اداروں کے زیر انتظام اصلاحات اور موجودہ اخراجات کو معقول حد پر لانے کے ذریعے ہونی چاہیئے۔