آپریشن ضربِ عضب قابل تعریف ہے، جنرل کیمبل

بدھ 6 اگست 2014 07:05

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6اگست۔2014ء)افغانستان میں اتحادی افواج کے نئے کمانڈر امریکی جنرل جان کیمبل نے شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس طرح کی کوششیں جاری رہیں گی۔ جنرل جان کیمبل campbell اس ماہ کے آخر میں ذمہ داریاں سنبھالنے افغانستان جائیں گے۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹ کے مطابق واشنگٹن میں میڈیا راونڈ ٹیبل کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر شدت پسندوں کی آمد و رفت روکنے اور انہیں جڑ سے ختم کرنے کیلیے مذاکرات اور کوششیں دونوں ملکوں کی قیادت اور عوام کے لیے اہم ہیں۔

جنرل جان کیمبل کا کہنا تھا کہ دہشت گردی پاکستان اور افغانستان کے عوام اور ان کے طرز زندگی کے لیے خطرہ ہے۔ اس سلسلے میں دونوں ملکوں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔دوسری جانب ایک امریکی اخبار نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کی وجہ سے عسکریت پسند گروپ منتشر ہوگئے ہیں۔