داسو پاور پراجیکٹ‘ عالمی بینک سے معاہدہ 18 اگست کو ہوگا،سول ورک پلان کوفائنل کرنے بینک وفد پہنچ گیا، سائٹ کا دورہ، وفد لاہور میں واپڈا حکام سے بھی ملے گا، عالمی بینک کی طرف سے منظور کردہ قرضے میں سے 70 کروڑ ڈالر واپڈا کو دئیے جائینگے‘ ذرائع

بدھ 6 اگست 2014 07:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6اگست۔2014ء)پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان 4 ہزار 320 میگاواٹ کے داسو ہائیڈرو پاور منصوبے پر کام کے آغاز کے لیے4.3 ارب ڈالر کے قرضے کے معاہدے پر18 اگست کو دستخط ہونگے۔اس سلسلے میں تقریب کا انعقاد اسلام آباد میں ہوگا اور اس موقع پروزیراعظم میاں محمد نواز شریف بھی موجود ہونگے۔ اس ضمن میں وزارت خزانہ کے حکام نے بتایا کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر سول ورک کے آغاز کے حوالے سے ایکشن پلان کو حتمی شکل دی جارہی ہے جس کے لیے عالمی بینک کا 10ارکان پر مشتمل اعلی سطح کا جائزہ مشن پاکستان پہنچ گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جائزہ مشن داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سائٹ کے دورے پرموجود ہے اور تفصیلی دورے کے بعد مشن لاہور جائے گا جہاں واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی(واپڈا) حکام کے ساتھ ملاقاتیں کرے گا جن میں داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا سول ورک شروع کرنے کے حوالے سے تفصیلات طے کی جائیں گی اور ورک پلان کو حتمی شکل دی جائے گی۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لیے ایکشن پلان کو حتمی شکل دینے کے بعد منصوبے پر کام کا آغاز ہوجائے گا جبکہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لیے عالمی بینک کا ایگزیکٹو بورڈ پاکستان کو 4.3 ارب ڈالر فراہم کرنے کی منظوری دے چکا ہے، اب اس قرضے کے استعمال اور منصوبے پر کام کے آغاز کے حوالے سے معاہدہ طے پائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی بینک کی طرف سے منظور کردہ قرضے میں سے 70 کروڑ ڈالر واپڈا کو دیے جائیں گے جو واپڈا کی طرف سے منصوبے کے آغاز کے لیے درکار مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے خرچ کیے جائیں گے جبکہ 3ارب 30 کروڑ ڈالر داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لیے مقامی و بین الاقوامی سطح پر کی جانے والی خریداریوں اور کنٹریکٹرزکو ادائیگیوں کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے عالمی بینک کے ساتھ 18اگست کو باضابطہ طور پر معاہدے پر دستخط متوقع ہیں