سانحہ ماڈل ٹاؤن ن لیگ کے تکبر کی تسکین ہے، پولیس ریاست کی ملازم ہے شریف برادران کے ذاتی ملازم نہ بنیں، پرویزالٰہی ،موجودہ بحران کی ذمہ دار ن لیگ خود ہے 15 سال سے یہ اقتدار پر قابض ہیں، 10 اگست کے بعد آئندہ لائحہ عمل طے کرینگے : میڈیا سے گفتگو

بدھ 6 اگست 2014 07:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6اگست۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما اور سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ 15 سال سے ن لیگ اقتدار پر قابض ہے، موجودہ بحران کی حکومت خود ذمہ دار ہے، حکومت نے نیشنل ایشوز کو پس پشت ڈال دیا ہے، 10 اگست کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ وہ یہاں سینئر صحافی عارف حمید بھٹی کے بھائی اور سماجی کارکن نوید کمال بھٹی کے انتقال پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ لاء اینڈ آرڈر، چوری، ڈکیتی، بجلی کا بحران اور دیگر مسائل ان کے اپنے پیدا کردہ ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن کا واقعہ شریف برادران کے تکبر کی تسکین ہے جب تک شہباز شریف وزیراعلیٰ ہیں تب تک سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے ورثاء کو انصاف نہیں ملے گا لہٰذا شہباز شریف استعفیٰ دیں تاکہ گواہ ان کے خلاف گواہی دے سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس کو وارننگ دیتے ہیں کہ وہ ریاست کے ملازم بنیں شریف خاندان کے ملازم نہ بنیں۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ حکمران خوش فہمی میں مبتلا ہیں ہم چاہتے ہیں کہ وہ اسی خوش فہمی میں مبتلا رہیں حکمران آج کل اپوزیشن سے خوفزدہ ہیں حکمرانوں کے جانے کے بعد ہی ان سے مذاکرات ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری سے فون پر بات ہوئی ہے وہ بھی ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مطالبات منوانے کیلئے تیسری قوت کا 14، 15 اگست کے بعد پتہ چلے گا، ہم غیر آئینی اقدامات عوام کے سامنے لائیں گے تاکہ عوام فیصلہ کر سکیں کہ کون ان کے حقوق سے مذاق کر رہا ہے۔