اسرائیل کی غزہ میں جارحیت کی شدید مذمت،پاکستان کاعالمی برادری سے اسرائیل پر پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ، اقوام متحدہ کا رویہ معذرت خواہانہ رہا تو اس کاحشر بھی نیشنز لیگ جیسا ہوگا،پرویز رشید،دہشت گردی میں ملوث غیر ریاستی عناصر کے خاتمے کے لئے پوری قوم کو اکٹھا ہونا ہوگا،دنیا غیر ریاستی عناصر کے خلاف اکٹھی ہے وہ اسرائیل کے خلاف بھی آواز اٹھائے اور زیادہ ذمہ داری ان ملکوں کی ہے جنہوں نے اسرائیل کو تحفظ دیا ،جب بڑے ممالک ایسے مواقع پر آنکھیں بند کرلیتے ہیں توخیال آتا ہے کہ ان کی دہشت گردی کے خاتمے میں کوئی دلچسپی نہیں بلکہ مقاصد کچھ اور ہیں،وزیراطلاعات و نشریات پرویز رشید کا مقامی ہوٹل میں پاکستان علماء کانفرنس سے خطاب

بدھ 6 اگست 2014 06:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6اگست۔2014ء)پاکستان نے اسرائیل کی غزہ میں جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس پر عالمی پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کا رویہ معذرت خواہانہ رہا تو اس کاحشر بھی نیشنز لیگ جیسا ہوگا،حکومت کسی مخصوص مسلک کی ترویج یا خاتمہ نہیں چاہتی،دہشت گردی میں ملوث غیر ریاستی عناصر کے خاتمے کے لئے پوری قوم کو اکٹھا ہونا ہوگا،دنیا غیر ریاستی عناصر کے خلاف اکٹھی ہے وہ اسرائیل کے خلاف بھی آواز اٹھائے اور زیادہ ذمہ داری ان ملکوں کی ہے جنہوں نے اسرائیل کو تحفظ دیا ہے، جب بڑے ممالک ایسے مواقع پر اپنی آنکھیں بند کرلیتے ہیں تو پھر ہم جیسے ممالک یہ خیال کر سکتے ہیں کہ ان کی دہشت گردی کے خاتمے میں کوئی دلچسپی نہیں بلکہ مقاصد کچھ اور ہیں۔

(جاری ہے)

منگل کو یہاں مقامی ہوٹل میں پاکستان علماء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان دنیا میں چھٹی بڑی عالمی قوت ہے اور پاکستانی علماء جو بات کرتے ہیں پوری دنیا اس پر توجہ دیتی ہے۔حکومت کو کسی مخصوص مسلک یا عقیدے کو ختم یا اس کا تحفظ نہیں کرنا چاہئے ۔

دہشت گردی میں ملوث غیر ریاستی عناصر کے خاتمے کے لئے پوری قوم کو اکٹھا ہونا ہوگا۔

دہشت گردی ہر شکل میں قابل مذمت ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے معصوم فلسطینیوں پر مظالم کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں جو ریاست بین الاقوامی قوانین اور اخلاقیات کو نئی مانتی ان کو روکنا سب کی ذمہ داری ہے ۔اسرائیل نے غزہ پر بدترین دہشت گردی کا مظاہرہ کیا۔اسرائیل پر عالمی پابندیاں عائد کی جائیں۔ اگر اقوام متحدہ کا اسی طرح معذرت خواہانہ کردار رہا تو اس کا حشر بھی نیشنز لیگ جیسا ہوگا۔

مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اوران کے دکھ درد میں پوری پاکستانی قوم کے جذبات ایک ہیں۔پرویز رشید نے کہا کہ اسرائیل نے ریاستی دہشت گردی کا بدترین مظاہرہ کیا ہے اور غزہ ریاستی دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے غزہ میں معصوم بچوں اور خواتین کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا انہوں نے کہا کہ اسرائیل کمزور ریاست کے نہتے شہریوں پر حملے کررہا ہے اور اسرائیل اپنی غیر قانونی اور غیر اخلاقی طاقت استعمال کررہا ہے انہوں نے کہا کہ دنیا پہلے ہی دہشت گردی کے عذاب میں مبتلا ہے اور دہشت گردی کے جس عذاب کو ختم کرنے کیلئے بین الاقوامی دنیا اکٹھی ہے اگر وہ غیر ریاستی عناصر کی دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے بے تاب ہے دنیا کے کئی ممالک اسے ختم کرنے کیلئے وہاں اپنی فوجیں اتارتے ہیں اور کئی ممالک کو تباہ کرتے ہیں تو یہ ممالک ریاستی دہشت گردی کو روکنے کیلئے ایک قدم آگے کیوں نہیں اٹھاتے۔

انہوں نے کہاکہ جب بڑے ممالک ایسے مواقع پر اپنی آنکھیں بند کرلیتے ہیں تو پھر ہم جیسے ممالک یہ خیال کر سکتے ہیں کہ ان کی دہشت گردی کے خاتمے میں کوئی دلچسپی نہیں بلکہ مقاصد کچھ اور ہیں اور جب مقاصد میں شک و شبہ ہو تو پھر دہشت گردی کسی نہ کسی شکل میں موجود رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے بڑے ممالک کو اس اصول کو تسلیم کرنا پرے گا کہ جب کسی شخص کا خون بہتا ہے کسی معصوم بچے کو اس کی زندگی سے محروم کیا جاتا ہے اور خواتین پر ظلم ہوتا ہے تو آپ ایسے کہیں جائز اور کہیں ناجائز کہہ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا چھٹا بڑا ملک ہے دنیا اگر اسرائیل کی دہشت گردی کو ختم کرنے میں کردار ادا نہیں کرتی تو پھر ان کا اخلاص نظر نہیں آتا انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی مذمت چاہیے پاکستان کے وزیراعظم اور دنیا کے دیگر ممالک نے جس طرح اسرائیلی دہشت گردی کی مذمت کی سلامتی کونسل کے پانچ بڑے ممبران اپنی ویٹو پاور استعمال کریں اور اسرائیل پر پابندیاں عائد کریں جس طرح وہ دیگر ممالک پر عائد کرتے ہیں اور غیر انسانی ‘ غیر قانونی اور غیر اخلاقی قوت کو ختم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنہوں نے اسرائیل کو تحفظ دیا ہوا ہے ان کی ذمہ داری زیادہ ہے تاکہ دنیا امن و سکون سے رہ سکے اور ہر ملک اپنی سرحدوں کے اندر رہ کر تحفظ محسوس کرے اوردنیا کے ہر ملک کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی سرحدوں کے اندر شہریوں کی حفاظت کرے فلسطین کو اس حق سے محروم کیا جاسکتا ہے نہ اسرائیل کو اپنی سرحدوں سے باہر نکل کر دوسرے ملک میں قتل و غارت گری کی اجازت دی جاسکتی ہے۔