شریف برادران سن لیں، وہ اتنا ظلم کریں جتنا وہ برداشت کر لیں، طاہر القادری ، جتنے پرچے وہ ہمارے خلاف درج کرینگے اتنے پرچے انقلاب کے انکے لئے تیار ہونگے، اب انکا سامنا مشرف سے نہیں بلکہ عوام کے ساتھ ہے جو بھاگنے نہیں دینگے، تمام اضلاع یوم شہداء کو ناکام بنانے کیلئے ڈی سی اوز نے ٹرانسپورٹر سے 8 اگست کو بسوں کی چابیاں روٹ پرمٹ اور ڈرائیوروں کے لائسنس مانگ لیے ہیں، موجودہ حکومت صرف 31 اگست تک کی مہمان ہے، ہم عوام کے حقوق اور آئین کی بالادستی کی جنگ لڑ رہے ہیں،پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 6 اگست 2014 06:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6اگست۔2014ء)عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر علامہ طاہر القادری نے کہا کہ شریف برادران سن لیں۔ وہ اتنا ظلم کریں جتنا وہ برداشت کر لیں۔ جتنے پرچے وہ ہمارے خلاف درج کرینگے اتنے پرچے انقلاب کے انکے لئے تیار ہونگے۔ اب انکا سامنا مشرف سے نہیں بلکہ عوام کے ساتھ ہے جو تم بھاگنے نہیں دینگے۔ تمام اضلاع یوم شہداء کو ناکام بنانے کیلئے ڈی سی اوز نے ٹرانسپورٹر سے 8 اگست کو بسوں کی چابیاں روٹ پرمٹ اور ڈرائیوروں کے لائسنس مانگ لیے ہیں۔

موجودہ حکومت صرف 31 اگست تک کی مہمان ہے۔ ہم عوام کے حقوق اور آئین کی بالادستی کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز مجلس وحدت المسلمین کے صوبائی دفتر میں علامہ راجہ ناصر عباس سمیت دیگر سے ملاقات کے بعد کی جانے والی پریس کانفرنس میں کیا۔

(جاری ہے)

اس موقعہ پر مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین، چوہدری ظہیر الدین، سنی اتحاد کونسل کے رہنما صاحبزادہ حامد رضا، علامہ راجہ ناصر عباس سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ مجلس وحدت المسلمین انقلاب کی جدوجہد میں ایک اہم ممبر اور برابری کی بنیاد پر شریک ہیں۔ اس تحریک میں وہ تحریک کے ہراول دستے کا کردار ادا کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت خود کو آئین اور قانون کی پاسداری کا دعویٰ کرتی ہے۔ اور اپنے حقوق کے لئے جدوجہد کرنے والے لوگوں کو کہتی ہے کہ اداروں کے پاس جائیں کونسا ادارہ ہے جو غیر سیاسی رہ گیا ہو جو عوام کو تحفظ دے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 10 اگست کو یوم شہدامنانے کے بعد یوم انقلاب کا اعلان کرینگے۔ جو تاریخ کا یقین تمام اتحادی جماعتوں سے مشاورت سے کرینگے انہوں نے کہا کہ یوم شہداء پر لوگوں کو شرکت سے روکنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے پر اتر آئی ہے ۔ تمام اضلاع کے ڈی سی اوز نے اپنے اپنے ضلع کے ٹرانسپورٹرز سے بسوں کی چابیاں کاغذات اور روٹ پرمٹ 8 اگست تک مانگ لیے ہیں۔

جن ٹرانسپورٹرزنے بکنگ کی تھی انکو کینسل کرنے کے لئے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ حکمران یوم شہدا پر لوگوں کو روک کر ماڈل ٹاؤن کی بجائے جاتی عمرہ آنے کی دعوت دے رہی ہیں۔ اور آج حکمران ہم پر ایف آئی آر درج کرنے جا رہیں۔ مگر میں شریف برادران کو بتانا چاہتا ہوں کہ تم اتنا ظلم کرو جتنا خود برداشت کر لو۔ اب اس مرتبہ پرویز مشرف نہیں کہ جن کے پاؤں میں گر کر تم باہر بھاگ جاؤ گے۔

اب تمہارا سامنا عوام سے ہے۔ جو تم کو بھاگنے نہیں دے گی۔ تم جتنے پرچے درج کرو گے اتنے پرچے انقلاب کے بعد تمہارے لیے تیار ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے حقوق آئین کی بالادستی کی جنگ لڑ رہے ہیں ہم تفریق کے فتنے کو ختم کرکے گلگت بلتستان کو الگ صوبہ بنائیں گے اس موقعہ پر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ انقلاب آنے کے بعد ملک میں حقیقی جمہوریت قائم ہو گی۔

زرداری کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ زرداری سے ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی تھی نہ میں نے انکو مارچ میں شرکت کی دعوت دی نہ انہوں نے ہمیں روکا۔ مجلس وحدت المسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ہم گزشتہ 35 سال سے لاشیں اٹھا رہے ہیں ہماری نسل کشی کی جا رہی ہے۔ ہم جدوجہد پر ایمان رکھتے ہیں ہم حکمرانوں سے ڈرنے والے نہیں۔ اگر ہمیں مارچ سے روکا گیا تو وہاں پر ہی دھرنا ہو گا اور گلگت سے لیکر کراچی تک تمام ملک بند کر دینگے۔