پاکستانی عوامی تحریک نے بھی سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو ”کرپشن کا چوہدری “ اور ایک ”سیاستدان“ قرار دے دیا ،ہمیں کسی سے وفاداری اور حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں،قاضی فیض الاسلام

منگل 5 اگست 2014 08:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5اگست۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے بعد پاکستانی عوامی تحریک نے بھی سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو ”کرپشن کا چوہدری “ اور ایک ”سیاستدان“ قرار دے دیا ہے۔ عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض الاسلام نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات چیت کے دوران ڈاکٹر طاہر القادری کے حوالے سے سپریم کورٹ میں سابق چیف جسٹس کے طرف سے دیئے گئے ریمارکس کے بارے میں سوال پر کہا کہ ہم عدلیہ کا بطور ادارہ احترام کرتے ہیں لیکن جس شخص کی آپ بات کررہی ہیں وہ ایک سیاستدان اور کرپشن کا چوہدری تھا جس نے عدلیہ کے تقدس کو پامال کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کسی سے وفاداری اور حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہر القادری کو دنیا امن کا سفیر مانتی ہے اور ان کے حوالے سے افتخار چوہدری کے ریمارکس کی کوئی حیثیت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے اور ہم نے اب بھی ماڈل ٹاؤن میں لاشیں اٹھائی ہیں لیکن صبر کادامن نہیں چھوڑا اگر عوامی تحریک چاہتی تو لاہور سمیت ملک بھر میں ہنگامے شروع ہوسکتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے اب بھی اپنے کارکنوں کو یہی مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے آپ کو مضبوط بنائیں اور اگر کوئی پولیس اہلکار ان سے زیادتی کرتا ہے تو اسے پکڑ کر لاہور لے آئیں ہم اس سے بھی قرآن خوانی ہی کرائیں گے اس سے بڑھ کر ہماری امن پسندی کا کیا ثبوت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے حکومتی عہدیداروں سے کسی قسم کے رابطوں کے بارے میں اطلاعات کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ ہمارا موقف اصولی ہے ہم اپنے شہداء کا خون رائیگان نہیں جانے دیں گے اور ہمیں صرف انصاف چاہیے لیکن موجودہ حکمرانوں کی موجودگی میں ہمیں انصاف نہیں مل سکتا۔