طاہرالقادری کیخلاف بغاوت کا مقدمہ دائر کرنے کی تیاری کر رہے ہیں، وزیرقانون پنجاب،ڈاکٹر طاہرالقادری اور ان کے حواریوں کے عزائم کھل کر سامنے آچکے ہیں، طاہرالقادری کو دین اور جمہوریت کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے، ،رانا مشہود

منگل 5 اگست 2014 08:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5اگست۔2014ء ) وزیر قانون پنجاب رانا مشہود خان نے کہا ہے کہ عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہرالقادری ملک میں انارکی پھیلا کر ترقی کو روکنا چاہتے ہیں اس لئے ان کے خلاف بغاوت اور منی لانڈرنگ کیس کی تیاری کی جارہی ہے۔لاہورمیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کو دین اور جمہوریت کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے، مشکل کی اس گھڑی میں وہ قوم کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں اور طاہرالقادری اپنے اوراپنے آقاوٴں کے مخصوص مقاصد کیلیے پاکستان میں انارکی پھیلاکرترقی کوروکناچاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوامی تحریک کے سربراہ کیخلاف کیس بنانے کی تیاری کر لی جس کا آغاز آئندہ 3 روز میں شروع ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

وزیر قانون پنجاب کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری اور ان کے حواریوں کے عزائم کھل کر سامنے آچکے ہیں، گزشتہ روز کی پریس کانفرنس کے دوران بلی پوری طرح تھیلے سے باہر آگئی ہے، ان کے لانگ مارچ کا ایجنڈا کسی ملک دوست کا نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی اداروں کے استحکام پر سوالیہ نشان لگائے گئے، نوازشریف حکومت نیاربوں کے منصوبے شروع کیے،ایک روپیکی کرپشن نہیں ہوئی لیکن سربراہ عوامی تحریک ترقیاتی منصوبوں میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔رانا مشہود نے کہا کہ طاہرالقادری کوماڈل ٹاوٴن میں شہید ہونے والوں سے کوئی ہمدردی نہیں، انہوں نے پنڈی بھٹیاں میں ہلاک ہونے والے اس شخص کو بھی شہید قرار دے دیا جو دشمنی کی بنا پر قتل کیا گیا تھا، آج پوری قوم ان کا احتساب کرے گی۔

متعلقہ عنوان :