شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب‘ ‘ دتہ خیل بازار میں ازبک دہشت گردوں کیخلاف فورسز کی کارروائی‘ 7 دہشت گرد ہلاک‘ 2 اہلکار جام شہادت نوش کرگئے،سکیورٹی فورسز نے میرانشاہ‘ میر علی‘ بویا‘ دیگان اور دتہ خیل کے علاقوں کو کلیئر کرالیا‘ میرانشاہ اور میر علی کے دیہات میں کلیئرنس آپریشن جاری‘ بھاری مقدار میں بارودی سرنگیں‘ خودکش جیکٹس اور راکٹ برآمد‘ میر علی کے علاقے میں دہشت گردوں کی بارودی مواد تیار کرنے والی فیکٹری تباہ کرلی گئی‘ آئی ایس پی آر

منگل 5 اگست 2014 08:04

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5اگست۔2014ء) شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کے اہداف پر پیشرفت جاری ہے اور سکیورٹی فورسز نے میران شاہ ‘ میر علی‘ بویا‘ دیگان اور دتہ خیل کے علاقوں کو دہشت گردوں سے کلیئر کرالیا ہے جبکہ دتہ خیل بازار میں ازبک دہشت گردوں کیخلاف کارروائی میں سات دہشت گرد ہلاک اور دو سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔

یہ بات پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بتائی گئی ہے۔ پریس ریلیز کے مطابق ضرب عضب آپریشن پر اہداف کے مطابق پیشرفت کامیابی سے جاری ہے اور سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے کئی علاقوں کو کلیئر کرالیا ہے جن میں میرانشاہ‘ میر علی‘ بویا‘ دیگان اور دتہ خیل کے علاقے شامل ہیں جبکہ میران شاہ اور میر علی کے دیہات مومن گل زیارت‘ درپہ خیل‘ تپی‘ سپالگہ اور دریائے ٹوچی کے جنوب میں واقع علاقوں کو کلیئر کرنے کا عمل جاری ہے

جہاں معمولی مزاحمت کا بھی سامنا ہے۔

(جاری ہے)

میر علی کے علاقے شہباز خیل میں کلیئرنس کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے جس میں 75 راکٹ‘ بھاری مقدار میں بارودی مواد اور خودکش جیکٹیں شامل ہیں اس کے علاوہ میر علی کے نواح میں واقع عمر کی کالی کے علاقے سے دہشت گردوں کی دھماکہ خیز فیکٹری کا بھی پتہ چلا کر اسے ناکارہ بنادیا گیا ہے۔ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سرچ اور کلیئرنس کے دوران بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد‘ کیمیکل اور پراپیگنڈہ لٹریچر بھی برآمد ہوا ہے اس کے علاوہ میران شاہ‘ دتہ خیل روڈ کی کلیئرنس کا عمل بھی جاری ہے۔

دتہ خیل بازار میں سکیورٹی فورسز نے ازبک دہشت گردوں کی خفیہ پناہ گاہوں کیخلاف آپریشن بھی کیا جس میں سات ازبک دہشت گرد مارے گئے جبکہ آپریشن میں دو سکیورٹی اہلکاروں نے بھی جام شہادت نوش کیا جن میں نائب صوبیدار مشکور اور لانس نائیک ظہیر شامل ہیں۔