تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی اجلاس، عمران خان کو اراکین پارلیمنٹ کے استعفیٰ جمع کروانے کے فیصلے کی توثیق،چیئرمین کو مستقبل کے حتمی فیصلے کا اختیار سونپ دیا گیا ، عمران خان سے وزیر داخلہ چوہدری نثار کے رابطے کی تردید

منگل 5 اگست 2014 08:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5اگست۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی نے چیئرمین عمران خان کو اراکین پارلیمنٹ کے استعفیٰ جمع کروانے کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے چیئرمین عمران خان کو ان کے مستقبل کے حتمی فیصلے کا اختیار سونپ دیا ہے۔ مرکزی میڈیا سیل کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ڈپٹی پارلیمانی رہنما شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہواجس میں اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کے معاملے پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی اپنے استعفے جمع کروائیں گے اور چیئرمین جب چاہیں انہیں استعمال کر سکیں گے۔ اس کے ساتھ اراکین اسمبلی کو آزادی مارچ کی تیاری کیلئے عوام سے رجوع کرنے اور انہیں متحرک کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ۔ دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے مابین رابطے کی تردید کرتے ہوئے تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ چیئرمین عمران خان کی چوہدری نثار سے ٹیلی فونک گفتگو کے حوالے سے خبریں بالکل بے بنیاد ہیں۔