انقلاب کے معاملے پر پی اے ٹی میں پھوٹ، راولپنڈی میں سینئر نائب صدر سمیت کئی عہدیدار مستعفی

پیر 4 اگست 2014 09:04

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4اگست۔2014ء) انقلاب مارچ کے معاملے پر پاکستانی عوامی تحریک میں پھوٹ پڑگئی، سینئر نائب صدر پیر حبیب الرحمان سمیت کئی عہدیدار مستعفی ہوگئے، پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ انقلاب کے نام پر ملک میں شدت پسندی کو فروغ دیا جارہا ہے، طاہر القادری کارکنوں کو پرتشدد کارروائیوں پر اکسا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سینئر نائب صدر پیر حبیب الرحمان، نائب صدر اخلاق احمد جلالی، ڈپٹی جنرل سیکریٹری کامران اختر صدیقی، سیکریٹری فنانس راجہ پرویز حشمت اور سیکریٹری اطلاعات علامہ حیدر علوی نے طاہر القادری کے انقلاب سے متعلق فلسفے سے اختلاف کرتے ہوئے پارٹی عہدوں سے استعفیٰ دیدیا۔

مستعفی عہدیداروں کا کہنا تھا کہ گردنیں اڑائیں گے انقلاب لائیں گے، کے نعرے سے متفق نہیں، طاہر القادری کارکنوں کو پْرتشدد کارروائیوں پر اکسا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ انقلاب کے نام پر ملک میں شدت پسندی کو فروغ دیا جارہا ہے، پارٹی اجلاس میں پولیس اہلکاروں کی وردیاں اتارنے کا کہا گیا، سر کے بدلے سر لانے کا بھی حکم دیا گیا۔