پاکستان کا فلسطینیوں کے حق میں عالمی سطح پر کردار ادا کرنے کا فیصلہ،پارلیمانی لیڈرز کی کانفرنس بلانے اور وزیراعظم کا مسلم ممالک کی قیادت سے رابطوں پر غور

پیر 4 اگست 2014 09:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4اگست۔2014ء)پاکستان کی حکومت نے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف عالمی سطح پر بھرپورکردار اداکرنے کافیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے پارلیمانی لیڈرز کی کانفرنس بلانے کیساتھ ساتھ وزیراعظم نوازشریف تمام مسلم ممالک کی قیادت سے بھی رابطوں کا پروگرام بنارہے ہیں۔ فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر پاکستان کے کردار کے تعین کے لئے وزیراعظم نواز شریف نے پارلیمنٹ کے اندر موجود تمام سیاسی جماعتوں کے ذمہ داروں خصوصاً پارلیمانی لیڈرز کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے حوالے سے ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومتی سطح پر فلسطینیوں کیخلاف صیہونی بربریت کو سنجیدگی سے لیا جارہا ہے اور آئندہ دو چار روز میں باقاعدہ اجلاس وزیراعظم ہاوس میں بلایا جارہاہے۔ پارلیمانی لیڈرز کی کانفرنس بلانے کے ساتھ ساتھ نواز شریف ترکی ، ابوظہبی ، سعودی عرب ، ایران سمیت تمام مسلم ممالک کی قیادت سے بھی رابطوں کا پروگرام بنا رہے ہیں۔ قومی اسمبلی اور سینٹ اجلاس میں حکومت اسرائیلی بربریت کے خلاف اورمظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے قراردادیں منظور کرائے گی۔ قومی اسمبلی کا اجلاس 4 اگست اور سینٹ کا 8 اگست کو ہوگا۔

متعلقہ عنوان :