کسی بھی غیر جمہوری طریقے سے حکومت کو گرانے کے حق میں ہیں نہ اسمبلیوں سے استعفوں کے ،سراج الحق،جمہوریت میں احتجاج تحریک انصاف کا حق ہے،نواز شریف کو فراخ دلی کا مظاہرہ کرکے احتجاج کرنے والوں کا ٹھنڈے مشروبات کی سبیلوں سے استقبال کرنا چاہئے ،پختون قوم کو قربانی کا بکرا بنا دیا گیا ہے، قبائل میں آپریشن کا فیصلہ کس فورم پر کیا گیا ہے اس بات کا مرکز کو جواب دینا ہوگا ،قبلہ اول کی آزادی کی جدوجہد ہرمسلمان پر فرض ہے ،اسرائیلی جارحیت پر خاموشی جرم ہے، نواز شریف اور زرداری اپنے رقوم بیرونی ممالک سے وطن واپس لائیں تو ملک کو کسی قرضے کی ضرورت نہیں رہیگی، عید ملن پارٹی سے خطاب

پیر 4 اگست 2014 08:59

نوشہرہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4اگست۔2014ء )امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کسی بھی غیر جمہوری طریقے سے حکومت کو گرانے کے حق میں ہیں نہ اسمبلیوں سے استعفوں کے ،جمہوریت میں احتجاج پاکستان تحریک انصاف کا حق ہے اور نواز شریف کو فراخ دلی کا مظاہرہ کرکے احتجاج کرنے والوں کا ٹھنڈے مشروبات کی سبیلوں سے استقبال کرنا چاہئے ،پختون قوم کو قربانی کا بکرا بنا دیا گیا ہے وہ مائیں بہنیں جن کے چہرے سورج نے بھی نہیں دیکھے تھے آج ایک کلو چاول کیلئے ذلیل وخوار ہورہے ہیں ،لاکھوں قبائل کو دربدر کرنے والے خود دربدر ہوجائینگے ،قبائل میں آپریشن کا فیصلہ کس فورم پر کیا گیا ہے اس بات کا مرکز کو جواب دینا ہوگا اور یہ جواب آج نہیں تو کل انکو جواب دینا ہوگا ،قبلہ اول کی آزادی کی جدوجہد ہرمسلمان پر فرض ہے ،اسرائیلی جارحیت پر خاموشی جرم ہے ہم نہتے اور مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں ،ملک سے سرمایہ دارانہ اور جاگیردارانہ نظام کے خاتمے کیلئے عوام ہمارا ساتھ دیں ،مٹھی بھر اشرافیہ نے عوام کا خون چوسا اور رقوم بیرونی ممالک میں منتقل کئے جس کی وجہ سے ملک دیوالیہ ہونے کو ہے ،اگر نواز شریف اور زرداری اپنے رقوم بیرونی ممالک سے وطن واپس لائیں تو ملک کو کسی قرضے کی ضرورت نہیں رہیگی،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ میں عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقعہ پر امیر جماعت اسلامی ضلع نوشہرہ معراج الدین خان ایڈوکیٹ،حاجی عنایت الرحمان،شباب ملی کے ضلعی صدرافتخار احمد خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ غریب کو نہ ہسپتال میں علاج کی سہولت میسر ہے نہ سکولوں میں تعلیم کی سہولت،انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو جمہوری احتجاج کا حق ہے اور حکومت کو اس احتجاج پر فراخ دلی کا مظاہرہ کرنا چاہئے اور احتجاج کرنے والوں کیلئے ٹھنڈے پانی اور مشروبات کی سبیلیں لگانی چاہئے ،انہوں نے کہا کہ حکومت سے علیحدگی پاکستان تحریک انصاف کا حق ہے البتہ ہم استعفوں کے حق میں نہیں ہم سمجھتے ہیں کہ اسمبلیاں عوام کی امانت ہیں اور اس مانت میں خیانت نہیں کرنی چاہئے انہوں نے کہا کہ ملکی سیاست پر برہمن طبقہ قابض ہے اور پاکستان کی جمہوریت اور سیاست سرمایہ داروں کا جھولا ہے جب ایک تھک جاتا ہے تو دوسرا جھولا جھولنے لگتا ہے ان سیاست دانوں سے چھٹکارا پانا ہوگا اور اس مقصد کیلئے عوام کو جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہوگا انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عدالتوں ،ہسپتالوں،اور سکولوں میں وی وی آئی پی کلچر نافذ ہے یہاں غرین کا دکھ درد کوئی نہیں سمجھتا اس فرسودہ نظام کے خاتمے کیلئے عوام کو متحد ہوکر ملک میں اسلامی انقلاب لانے کیلئے متحد ہونا ہوگا

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں دفعہ 245 کا نفاذ نیک شگون نہیں بدامنی تو پورے ملک میں ہے اس سے لگ رہا ہے کہ حکومت پورا ملک فوج کے حولے کرنا چاہتی ہے انہوں نے کہا کہ ہم اس ملک میں ایسا نظام لانا چاہتے ہیں جس میں غریب کا بچہ وی وی آئی پی ہو اور جہاں پر انکو وہ تمام سہولیات میسر ہوں جو انکا حق ہے انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام اس ملک کا اثاثہ ہے لیکن بد قسمتی سے قبائیلی عوام آج حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے در بدر ہیں حکمرانوں نے پختون قوم کو قربانی کا بکرا بنا رکھا ہے انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت پر دنیا اور انسانی حقوق تنظیموں کی خاموشی بھی معنی خیز اور افسوسناک ہے مسلمانان عالم کو قبلہ اول کی آزادی کیلئے بھرپور جدوجہد کی ضرورت ہے ہم نہتے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائلی بربریت کے خلاف 10 اگست کو اسلام آباد میں تاریخی مارچ کرینگے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ نہتے فلسطینیوں کیلئے بھرپور احتجا ج میں شرکت کریں ۔