حکومت کو کسی لانگ مارچ سے کوئی خطرہ نہیں،وزیراعظم ،حزب اختلاف کی بات سننے کو تیار ہیں، افسوس کہ بعض عناصر احتجاج کا راستہ اپناتے ہوئے تشدد اور لاقانونیت پیدا کرنا چاہتے ہیں، اپوزیشن میں شامل لوگوں کو ملک کے وسیع تر مفاد میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے،بجلی کا بحران حل کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، انٹرویو

پیر 4 اگست 2014 08:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4اگست۔2014ء)وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ اْن کی حکومت کو کسی احتجاج یا لانگ مارچ سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔سرکاری ریڈیو کے مطابق ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ حزب اختلاف کی بات سننے کو تیار ہیں اور آیا وہ لانگ مارچ سے پہلے یا بعد میں اْن سے بات چیت کریں ان کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے افسوس ظاہر کیا کہ بعض عناصر احتجاج کا راستہ اپناتے ہوئے تشدد اور لاقانونیت پیدا کرنا چاہتے ہیں انہوں نے کہا تاہم عوام ان کے عزائم سے بخوبی آگاہ ہیں اور وہ انہیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

نواز شریف نے کہاکہ سیاسی مسائل مظاہروں یا مارچوں کے ذریعے نہیں بلکہ مذاکرات اور مفاہمت سے حل ہوتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ عدلیہ اور دوسرے ادارے حزب اختلاف کی شکایات دور کرنے کے لئے آزادانہ طور پر کام کررہے ہیں اور اْن پر اعتماد کیا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں ضرب عضب آپریشن فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے اور جب پوری قوم اس آپریشن کی مکمل حمایت کررہی ہے تو حزب اختلاف کی جماعتوں کو بھی مسلح افواج اور بے گھر افراد کی حمایت کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں شامل لوگوں کو ملک کے وسیع تر مفاد میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت بجلی کی پیداوار میں اضافے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کا بحران حل کرنے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔