یہ وقت انتشار کی سیاست کا نہیں ،اتحاد اوراتفاق کے ساتھ معاملات حل کرنے کا ہے ،ملک احتجاجی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا،شہبازشریف ،شمالی وزیرستان کے بہن بھائیوں کی اپنے گھروں میں واپسی اور بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،پنجاب حکومت 54 ہزا رمتاثرہ خاندانوں میں دوبارہ مالی امداد تقسیم کرے گی، صاحب ثروت اور مخیر حضرات دل کھول کر عطیات دیں، متاثرہ خاندانوں کی مدد ہر پاکستانی کا دینی و قومی فرض ہے، عطیات کی ایک ایک امانت سمجھ کر شفاف طریقے سے آئی ڈی پیز تک پہنچائی جا رہی ہے،قیام امن کے بعد شمالی وزیرستان میں 2 ہزار گھر، جدید ترین ہسپتال، یونیورسٹی اور دانش سکول تعمیرکرینگے،وزیراعلیٰ پنجاب کی ارکان اسمبلی اور مسلم لیگی عہدیداروں سے گفتگو

اتوار 3 اگست 2014 09:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3اگست۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہدہشت گردی کے خلاف جنگ کے نتیجے میں شمالی وزیرستان کے بے گھر ہونے والے بہن بھائیوں کی مدد ہم سب کی قومی اور دینی ذمہ داری ہے۔پنجاب حکومت نقل مکانی کرنے والوں خاندانوں میں کروڑوں روپے کی مالی امداد تقسیم کرچکی ہے جبکہ 54ہزار متاثرہ خاندانوں کو دوبارہ مالی امداد کی تقسیم کا عمل جلد شروع کیاجا رہا ہے ۔

متاثرہ خاندانوں میں امدادکی تقسیم کے لئے شفاف نظام وضع کیا گیا ہے۔ میری اپیل پر مخیر حضرات دل کھول کر آئی ڈی پیز کے لئے قائم کیے گئے ”چیف منسٹرز ریلیف فنڈ“میں عطیات جمع کرارہے ہیں اور حکومت عطیات کی ایک ایک پائی امانت سمجھ کر نہایت شفاف طریقے سے مستحقین تک پہنچا رہی ہے۔

(جاری ہے)

وہ مری میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی اور مسلم لیگ کے عہدیداروں سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت اور عوام شمالی وزیرستان کے مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی ہرممکن مدد کر رہی ہے۔ متاثرہ خاندانوں کی اپنے گھروں میں واپسی اور بحالی تک کسی صورت چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہو ں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے خاتمے اور متاثرہ علاقے میں قیام امن کے بعد پنجاب حکومت شمالی وزیرستان میں 2 ہزار گھر، ایک جدید ترین ہسپتال، یونیورسٹی اور دانش سکول تعمیر کرے گی۔

متاثرہ خاندانوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے پنجاب سے موبائل ہسپتال بھی بھجوایا گیا ہے جس سے متاثرین کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ حکومت پنجاب کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کی مالی امداد اور انہیں امدادی اشیاء کی فراہمی کے ساتھ ان کے مویشیوں کیلئے چارہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت آئی ڈی پیز کی خدمت اوران کی بھرپور مدد کا ہے ناکہ انتشار کی سیاست کا۔

ملک اس وقت جن حالات سے گزر رہاہے ان کو مدنظر رکھتے ہوئے احتجاجی سیاست کسی صورت مناسب نہیں اورنہ ہی ملک احتجاجی سیاست کامتحمل ہو سکتاہے کیونکہ یہ وقت اتحاد اوراتفاق کا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی حکومت اورعوام مشکل میں گھرے شمالی وزیرستان کے متاثرہ خاندانوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔بے گھر ہونیوالے خاندان پاکستان کے امن کے لئے مشکلات برداشت کررہے ہیں ۔

وطن عزیز کے استحکام اور امن کیلئے قربانی دینے والے متاثرہ خاندانوں کی مدد ہر پاکستانی کا فرض ہے ۔

مشکل میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد کرنے والوں کا جذبہ لائق تحسین ہے۔متاثرین کی مدد کرنے والے اللہ تعالیٰ کی رضا، خوشنودی اور ثواب حاصل کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں بے گھر ہونے والے شمالی وزیرستان کے پختون بہن بھائی عظیم پاکستانی ہیں۔

ہجرت پر مجبورہونے والے آنے والی نسلوں کے محفوظ اور درخشندہ مستقبل کی خاطرقربانی دے رہے ہیں ۔ صاحب ثروت اور مخیر حضرات آئی ڈی پیز کیلئے چیف منسٹرز ریلیف فنڈ میں دل کھول کر عطیات دیں اور ان کی بحالی و مدد میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے عوام نے پاکستان کی سا لمیت کے لئے اپنے گھر بار چھوڑ کر جو قربانی دی ہے وہ پاکستانی قوم پر احسان ہے۔ پاکستان انشاء اللہ ایک بار پھر امن کا گہوارہ بنے گا اور ہمارے بہن بھائی بہت جلد واپس شمالی وزیرستان جا کر اپنے گھروں میں امن اور سکون سے زندگی بسر کریں گے ۔