طاہر القادری سے چوہدری شجاعت ،پرویز الہیٰ،شیخ رشید ،علامہ ناصر عباس کی ملاقات، انقلاب مارچ کے اعلان اور حکمت عملی پر طویل مشاورت ، اہم فیصلے کئے گئے،قوم آج خوشخبری سنے گی ،انقلاب مارچ کی تاریخ کا باضابطہ اعلان آج کیا جائیگا،چودھری پرویز الہیٰ، طاہر القادری آج انقلاب مارچ کی تاریخ کابا ضابطہ اعلان 40سے زائد سیاسی جماعتوں کے لیڈروں کے ہمراہ کرینگے،ترجمان پاکستان عوامی تحریک ،بادشاہ سلامت کا مستقبل تاریک ہے،چوہدری برادران،پرویز الٰہی اور شجاعت حسین میڈیا کو کل بتائیں گے کہہ کر تمام سوالات گول کر گئے

اتوار 3 اگست 2014 09:32

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3اگست۔2014ء ) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری سے پاکستان مسلم لیگ کے چوہدری شجاعت حسین،چوہدری پرویز الہیٰ،عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید احمد مجلس وحدت المسلمین کے علامہ راجہ ناصر عباس نے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی جہاں انقلاب مارچ کے اعلان اور حکمت عملی کے حوالے سے طویل مشاورت ہوئی اور اہم فیصلہ جات کئے گئے جنکا با ضابطہ اعلان ڈاکٹر طاہر القادری آج (اتوار) تمام جماعتوں کے قائدین کے ہمراہ کرینگے۔

اس موقع پر کامل علی آغا،راجہ بشارت، ڈاکٹر رحیق عباسی ،اعجاز بہشتی،ناصر شیرازی،راجہ زاہد محمود،خرم نواز گنڈا پور،شیخ زاہد فیاض،جواد حامد اورقاضی فیض بھی موجود تھے ۔ملاقات کے بعد مسلم لیگ (ق) کے چوہدری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ حکومت سے مذاکرات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں تمام معاملات مشاورت سے طے کئے ہیں۔

گرفتاری اور نظر بندی کی کوئی پرواہ نہیں،حکومت سے کوئی رابطہ ہے نہ کرینگے،آج (اتوار) قوم کو بڑی خبر ملے گی۔مستقبل کے لائحہ عمل کا کل اعلان کرینگے ۔

چودھری برادران نے کہا کہ انقلاب مارچ سے متعلق تفصیلی بات ہوئی ہے ۔دریں اثناء ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کے بعد مجلس وحدت المسلمین کے علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ تمام جماعتوں میں مکمل ہم آہنگی ہے۔

انقلاب مارچ کیلئے تمام قائدین اکٹھے ڈاکٹر طاہر القادری کے ساتھ نکلیں گے۔پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان کے مطابق آج (اتوار) انقلاب مارچ کی تاریخ کابا ضابطہ اعلان پریس کانفرنس میں ڈاکٹر طاہر القادری 40سے زائد سیاسی جماعتوں کے لیڈروں کے ہمراہ کرینگے۔پریس کانفرنس سے قبل پاکستان عوامی تحریک کی جنرل کونسل کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے جس میں 15ہزار سے زائد عہدیداران شریک ہونگے۔

ادھرمسلم لیگ(ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ بادشاہ سلامت کا مستقبل تاریک ہے۔حکومت سے مذاکرات کا وقت گزر چکا ہے ۔لائحہ عمل کا اعلان آج اتوار کو کیا جائیگا۔لاہور میں طاہرالقادری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت نے کہا کہ حکومت کا مستقبل تاریک ہے۔انقلاب مارچ کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور اس کی تاریخ اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان اتوار کیا جائیگا۔

انہوں نے میڈیا کے تمام سوالات کو گول کرتے ہوئے کہا کہ ہر سوال کا جواب اتوار کو دیا جائیگا ۔پرویزالٰہی نے کہا کہ بادشاہ سلامت کا مستقبل تاریک ہے اب ان کے جانے کا دن آگئے ہیں ۔قادری سے ملاقات خوشگوار رہی ۔حکومت سے اب مذاکرات نہیں کئے جائیں گے اور اتوار کو لائحہ عمل کاا علان کیا جائیگا۔