حکومت پی ٹی آئی بیک ڈور رابطے ثمرآور ہونے لگے،کپتان نے حکومت سے مذاکرات اور تحفظات کو ختم کرنے کے لیے ضامن طلب کرلیا ،پرانے دوست وزیر داخلہ اور شہبازشریف کو ضامن کے طور پر قبول کرنے سے انکار،خورشید شاہ کو ضامن بنانے پر اتفاق، زرداری نے بھی ”ہاں“ کردی،ذرائع

اتوار 3 اگست 2014 09:30

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3اگست۔2014ء) تحریک انصاف کی جانب سے 14اگست کو آزادی مارچ کے اعلان کے بعد حکومت کے لیے پیدا ہونے والی مشکلات کو ختم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کے ساتھ بیک ڈور رابطوں اورمزاکرات ثمر آورہونے لگے ہیں ، حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان جاری کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے سیاسی کھلاڑی اکھاڑے میں اترے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق 14 اگست کو ”ڈی چوک“ پر ہونے والے میچ کو ”فکس“ کرنے کے لیے ”قائد حزب اختلاف“ سید خورشید شاہ بیک ڈور چینل کے ذریعے کردار اداکرنے میں مصروف ہے ،کپتان نے حکومت سے مزاکرات اور تحفظات کو ختم کرنے کے لیے ضامن طلب کرلیا ہے ،کپتان نے اپنے پرانے دوست ”وزیر داخلہ“ کو ضامن لینے سے انکار کردیا ہے جبکہ میاں نواز شریف کی طرف سے ”شاہ صاحب“ کوضامن بنائے جانے کی اطلاعات موصول ہورہی ہے اور ذرائع کے مطابق ”شاہ صاحب“نے ضامن بننے کی حامی بھی بھرلی ہے ،

باخبر ذرائع کے مطابق”میثاق جمہوریت“ کے معاہدوں کی پاسداری کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے ”شاہ صاحب “ کو ضامن بنانے کے لیے ”ہاں “ کردی ہے ،”حکومت“ کی ضمانت ”قائد حزب اختلاف“دینے کے لیے تیار ہوچکے ہیں، قائد حزب اختلاف سید خورشید اور عمران خان کے درمیان ”فائنل راوٴنڈ“ آئندہ چند روز میں متوقع ہے ،ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ 14اگست کو دارالحکومت کے ”ڈی چوک“ پر جو میچ ہونے والا ہے وہ ”کچھ لوکچھ دو“ کی بنیاد پر ”فکس“ ہوچکا ہے ،14اگست کو عمران خان کا ” آزادی مارچ “ اسلام آباد پہنچے گا اور ڈی چوک پر آزادی مارچ ”آزادی جلسہ“ کی صورت اختیار کرے گا اور عمران خان جلسہ سے روائتی انداز میں اپنے جوشیلے خطاب سے عوام کے دل جیت لیں گے اور حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل اور آئندہ کی تاریخ کا اعلان کرکے کارکنان کو واپس گھروں کو جانے کا کہیں گے ،

دریں اثناء ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بنی گالہ میں عمران خان اور چوہدری نثار کے درمیان ہونے والی ملاقات میں تمام معاملات پر تفصیلی بحث ہوئی اورچوہدری نثار نے پی ٹی آئی کے تمام تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہانی کرائی، ملاقات میں عمران خان کی جانب سے ”ضامن“کی شرط رکھی گئی تو چوہدری نثار کی جانب سے خادم اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو ضامن کے طور پیش کیا گیا مگر عمران خان نے خادم اعلیٰ کی ضمانت لینے سے انکار کر دیااور ضمانت کے لیے ”شاہ صاحب“ پر اتفاق کیا گیا جس پر دونوں رہنماوٴں نے حامی بھرلی ہے ،دوسری جانب عمران خان کے ساتھ ہونے والے مزاکرات کا وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو لمحہ با لمحہ آگاہ کیا جارہا ہے اور وزیر اعظم تمام صورتحال کا خود جائزہ لے رہے ہیں۔