ائر بلیو کی پرواز عمرہ سے واپس آنیوالے سے زائد مسافروں کا سامان جدہ میں ہی چھوڑ آئی،عملہ کی جانب سے مسافروں کو اپنے سامان کی بازیابی کے لئے تحریری درخواستیں جمع کروانے کی ہدایت

ہفتہ 2 اگست 2014 09:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2اگست۔2014ء ) عمرہ کے بعد حجاج کرام کو سعودی عرب سے پاکستان لانے والی ائر بلیو کی فلائٹ 271 بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائر پورٹ پہنچ گئی مگرمبینہ طور پر 130 سے زائد زائرین کرام کا سامان جدہ میں ہی چھوڑ آئی، ائر بلو کے عملہ کا متاثرین کو اپنے سامان کی بازیابی کے لئے تحریری درخواستیں جمع کروانے اور تین دن کے بعد دوبارہ تازہ صورتحال کا جائزہ لینے کا مفت مشورہ۔

ذرائع کے مطابق عید کے تیسرے دن جدہ سے عمرہ کرنے والے حجاج کرام کو لانے والی ائر بلو کی فلائٹ نمبر 217 میں سفر کرنے والے مسافروں کو اس وقت شدید پریشانی اور تکلیف کا سامنا کرنا پڑا جب بینظیر بھٹو انٹر نیشنل ائر پورٹ پر اترنے کے بعد ان کو پتہ چلا کہ مبینہ طور پر مذکورہ فلائٹ پر سفر کرنے والے 130 سے زائد حجاج کرام کا سازوسامان تو جدہ ائر پورٹ پر ہی رہ گیا ہے جس پر حجاج کرام میں شدید پریشانی وسراسمیگی پھیل گئی۔

(جاری ہے)

ائر بلو کی مذکورہ فلائٹ 271 سے سفر کرانے والے ایک مسافر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ادارے کو بتایا کہ جب انہوں نے اس سلسلے میں بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائر پورٹ پر موجود ائر بلو کے عملہ سے رابطہ کیا تو ان کو بتایا گیا کہ عملہ کچھ نہیں کر سکتا اور اب وہ اس حوالے سے اپنے سامان کی بازیابی کے لئے درخواست جمع کروا دیں ۔

مزید براں کہ ان کو ہدایت کی گئی کہ وہ تین روز کے بعد اپنے سامان کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال جاننے کے لئے متعلقہ انتظامیہ سے رابطہ کریں۔ واضح رہے کہ دنیا بھر زیادہ تر پاکستانی ائر لائن اداروں کا معیار نہایت تیزی سے گرا ہے اور ان میں سفر کرانے والے اکثر مسافروں کی شکایات منظر عام پر آتی رہتی ہیں تاہم ان ائر لائنز کی انتظامیہ کی جانب سے ااپنے معیار میں بہتری کے حوالے سے کوئی خاطر خواہ انتظامات سامنے نہیں آتے۔