آزادی مارچ کیلئے چالیس ہزار نوجوانوں کی ڈنڈا بردار فورس تیار کرنے کا فیصلہ ،رجسٹریشن چار اگست سے شروع ہونے کا امکان، تحریک انصاف آزادی مارچ کے شرکاء کیلئے تین سو استقبالیہ کیمپ لگائے گی

ہفتہ 2 اگست 2014 09:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2اگست۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے آزادی مارچ کیلئے چالیس ہزار نوجوانوں کی ڈنڈا بردار فورس تیار کرنے کا فیصلہ کرلیا‘ رجسٹریشن چار اگست سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف آزادی مارچ کے شرکاء کیلئے تین سو استقبالیہ کیمپ لگائے گی۔ ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ تحریک انصاف نے چودہ مارچ کو ہونے والے آزادی مارچ کی حتمی تیاریاں شروع کردی ہیں اس حوالے سے کسی بھی رکاوٹ سے بچنے اور معاملات صاف رکھنے کیلئے نوجوانوں کی ایک ڈنڈا بردار فورس بھی تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں سکیورٹی کی ذمہ داری قافلوں کی نگرانی آزدای مارچ کے شرکاء کی سکیورٹی رکاوٹوں کو دور کرنے ‘ عمران خان سمیت سینئر رہنماؤں کی سکیورٹی سمیت کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ذرائع نے خبر رساں ادارے کومزید بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف سکیورٹی کے معاملات کو مزید فول پروف بنانے کیلئے پاکستان میں عوامی تحریک کے نوجوانوں کو بھی شامل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور اگر عمران خان اور طاہر القادری کے درمیان معاہدہ ہوجاتا ہے تو اس سلسلے میں پانچ ہزار نوجوان پاکستان عوامی تحریک سے لئے جائیں گے ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف گوجر خان سے لے کر ڈی چوک تک شرکاء کیلئے تین سو استقبالیہ کیمپ لگائے گی جس میں دو ایمبولینسیں‘ ایک ایک پانی کی گاڑیاں اور اسلام آباد میں بائیس کیمپوں میں چھ کرینیں بھی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے‘ تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء کے قریبی ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ تحریک انصاف ابتدائی طور پر ہر لحاظ سے پر امن ہوگی تاہم اگر حکومت نے شرکاء پر کسی بھی قسم کا کوئی آپریشن یا مزاحمت کی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کئے تو تحریک انصاف پارلیمنٹ ہاؤس اور شاہراہ دستور سمیت ریڈ ذون کے تمام علاقوں میں اپنے کارکنان کو تعینات کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے چالیس ہزار نوجوانوں کی فورس کے پاس نقاب بھی ہوں گے۔ اگر حکومت کسی قسم کی کوئی کارروائی کرتی ہے تو کسی بھی نوجوان کا چہرہ واضح نہ ہونے کی وجہ سے کسی قسم کی کارروائی نہیں ہوسکے گی۔