پاکستان کو فوجی کا سر قلم کرنے جیسے کسی بھی واقعہ کا مستقبل میں انتہائی موزوں‘ شدید اور فوری جواب دیا جائے گا‘ نئے بھارتی آرمی چیف کی دھمکی ،فوج میں جدت اور انفراسٹرکچر کو موثر بنانے پر توجہ مرکوز ہے‘ جنرل دلبیر سنگھ سوہاگ

ہفتہ 2 اگست 2014 09:18

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2اگست۔2014ء) بھارت کے نومنتخب چیف آف آرمی سٹاف جنرل دلبیر سنگھ سوہاگ نے عہدہ سنبھالنے کے پہلے ہی روز پاکستان کو خبردار کیا ہے کہ اگر بھارتی فوجی کا سر قلم کئے جانے جیسا کوئی بھی واقعہ مستقبل میں دوبارہ پیش آیا تو اس کا انتہائی موزوں‘ شدید اور فوری جواب دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق اپنے اعزاز میں استقبالیہ اور گارڈ آف آنر کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل دلبیر سنگھ نے کہا کہ میں پاکستان کو یہ بتا دینا چاہتا ہوں کہ مستقبل میں ایسی کسی بھی کارروائی کا مزید سخت جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہ کہ میں اپنی حکومت کا شکر گزار ہوں کہ مجھ پر اعتماد کرتے ہوئے یہ ذمہ داری سونپی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی فوج کی آپریشنل تیاریوں کو فروغ دیتے ہوئے موثر بنانے پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فوج میں جدت‘ انفراسٹرکچر‘ ڈویلپمنٹ‘ حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجیوں کی بہبود بھی ایسے ایشوز ہیں جو میری نظر میں ہیں۔