یوم آزادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا،اگست کا پورا مہینہ جاری رہیں گی،13اور 14اگست کی رات اسلام آباد میں خصوصی پر یڈاور فلائی پاسٹ کا انعقاد ہوگا، مسلم لیگ (ن) نے پنجاب بھر میں جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز کردیا، حضوری باغ لاہور میں وفاقی وزیر ریلوے نے تقریبات کا آغاز مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھا کر کیا ،فیصل آباد،راولپنڈی،اٹک ،وہاڑی،راجن پور ،لودھراں ،لیہ اور شیخوپورہ سمیت پنجاب بھر کے مختلف اضلاع میں تقریبات کا انعقاد

ہفتہ 2 اگست 2014 09:11

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2اگست۔2014ء)حکومت نے پاکستان کا یوم آزادی شایان شان طریقے میں منانے کیلئے جامع منصوبہ ترتیب دیاہے۔منصوبے کے تحت یکم اگست سے خصوصی تقریبات شروع ہوگئی ہیں جو پورا مہینہ جاری رہیں گی۔ا ن میں ملک کی آزادی کے لئے ہمارے بزرگوں کی جدوجہد اور اس قومی نصب العین اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی قربانیوں کو اجاگر کیاجائیگا۔

سرکاری میڈیارپورٹ کے مطابق حکومت نے تمام پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھرو ں اور گاڑیوں پر قومی پرچم لہرائیں تاکہ پاکستان کے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کو اتحادو یکجہتی کا پیغام دیا جاسکے۔13اور 14اگست کی درمیانی رات اسلا م آباد میں خصوصی پریڈاور فلائی پاسٹ ہوگاجبکہ 14اگست کی صبح یوم آزادی کی روایتی تقریب بھی منعقد ہوگی۔

(جاری ہے)

حکومت ،سول سوسائٹی ، غیر سرکاری تنظیموں ، وکلاء تنظیموں ، پیشہ ورانہ اداروں اور مذہبی رہنماؤں کی یوم آزادی کی تقریبات میں زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کی حوصلہ افزائی کرے گی۔

یوم آزادی کی خوشیاں منانے کیلئے پروگراموں کاایک خصوصی پیکیج تیار کیا گیا ہے جو پورا مہینہ جاری رہیں گے۔

خصوصی پروگراموں پر مشتمل اس پیکیج کی نشریا ت یکم اگست سے شروع ہورہی ہیں۔پیکیج کے تحت قومی نغموں کے خصوصی مقابلے ہونگے۔قومی نغموں کے مقابلوں کا فائنل اس مہینے کی گیارہ تاریخ کو ہوگا جس کی جیوری میں مشہور گلوکار شامل ہونگے۔

پیکیج کے دوسرے پروگراموں میں مختلف مواقع پر قائد اعظم کی کے اقتباسات ، یومِ آزدی کی تقریبات کی تیاریوں سے متعلق خصوصی رپورٹس ، قومی نغموں کے مقابلے ، لائیو ٹاک شوز ، فیچرز اور دستاویزی پروگرام ، انٹرویوز اور قومی اور علاقائی زبانوں میں خصوصی مشاعرے شامل ہیں۔ادھرپاکستان مسلم لیگ (ن) نے ماہ اگست میں جشن آزادی کی تقریبات کوپنجاب بھر میں شایان شان طریقے سے منانے کا آغاز کردیاہے - اس ضمن میں صوبائی دارالحکومت لاہورکے حضوری باغ میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔

تقریب میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ،مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق، ایم این اے پرویز ملک،ایم این اے شائستہ پرویز ملک،خواجہ احمد احسان،ایم پی اے خواجہ عمران نذیر،ایم پی اے غزالی سلیم بٹ،ایم پی اے چوہدری شہباز،ڈی سی او کیپٹن (ر)محمد عثمان اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد اور سکولوں کے بچوں نے شرکت کی ،تقریبات کا آغازمفکر پاکستان اور برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی کی تڑپ پیدا کرنے والے شاعرمشرق ڈاکٹر علامہ اقبال کے مزار پر دعا سے کیا گیا- اس موقع پر وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے مزار اقبال پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد دعا کی۔

بعد ازاں مختلف سکولوں کے بچوں اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نے حضوری باغ کے احاطہ میں ملی نغمے گائے اور تحریک پاکستان میں حصہ لینے والی شخصیات کو خراج تحسین پیش کیا-اس موقع پر حضوری باغ اور مینار پاکستان کو قومی پرچم سے سجایا گیا تھا مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم جشن آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے تیار ہے اور پوری قوم متحد ہو کر تمام مسائل کا جرات مندی کے ساتھ سامنا کرے گی- اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیربرائے ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کے حامی عوامی حکومت سے مذاکرات کرنے سے انکار کیوں کر رہے ہیں جس ملک میں جنگ چل رہی ہو وہاں سیاسی احتجاج کوئی جماعت نہیں کرتی ۔

تقریبات آزادی لاہور کی طرح فیصل آباد،راولپنڈی،اٹک ،وہاڑی،راجن پور ،لودھراں ،لیہ اور شیخوپورہ کے علاوہ پنجاب بھر کے مختلف اضلاع میں منعقد کی گئیں - ان تقریبات میں پاکستان مسلم لیگ (ن)سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی ، ضلعی انتظامیہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی - ان تقریبات میں قومی پرچم لہرائے گئے ، قومی ترانے پیش کئے گئے اور ملکی ترقی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔