امریکہ کی توانائی کے بحران سے نمٹنے کیلئے پاکستان سے بھرپور تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی، دورہ امریکہ انتہائی کامیاب رہا، ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھنے کا موقع ملا جس سے غلط فہمیاں دور کرنے میں مدد ملے گی،طارق فاطمی کا انٹرویو

جمعہ 1 اگست 2014 05:34

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔یکم اگست۔2014ء)امریکہ نے توانائی کے بحران سے نمٹنے کیلئے حکومت پاکستان سے بھرپور تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے امور خارجہ طارق فاطمی نے اپنے دورہ امریکہ کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے دورے سے دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھنے کا موقع ملا جس سے غلط فہمیاں دور کرنے میں مدد ملے گی۔

ایک انٹرویو میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی نے کہا ہے کہ امریکہ اور پاکستان دونوں ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو اب بہتر طور پر سمجھتے ہیں۔

سرکاری میڈیا کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ طارق فاطمی کا کہنا ہے کہ امریکا نے توانائی کے بحران کے حل کے لئے پاکستان کو تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

(جاری ہے)

توانائی کا بحران حل ہونے سے ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔ طارق فاطمی نے اپنے دورہ امریکا کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے امریکی انتظامیہ کو موجودہ حکومت کی ترجیحات سے آگاہ کیا۔ امریکا اور پاکستان دونوں تشویشی امور پرایک دوسرے کے نقطہ نظر کو اب بہتر طور پر سمجھتے ہیں۔ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن کو واشنگٹن میں قومی اتفاق رائے کے نتیجے کے طور پر سمجھا جا رہا ہے۔ طارق فاطمی نے کہا کہ امریکی حکام بھارت کیساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے لئے وزیر اعظم نوازشریف کی مخلصانہ کوششوں پر یقین رکھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :