آرمی چیف کا آپریشن ضربِ عضب پر اطمینان کااظہار، دہشت گردوں کی کمانڈ اور رابطہ نظام کو ناکارہ بنادیا،کبھی دوبارہ شمالی وزیرستان نہیں آنے دینگے،افغان سرحد پر دراندازی پر تشویش کا اظہار،اس سے آپریشن متاثر ہورہا ہے، نظام کو مضبوط بنانا ہوگا،جوانوں اور آئی ڈی پیز سے بات چیت

جمعہ 1 اگست 2014 05:19

بنوں(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔یکم اگست۔2014ء)بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے آپریشن ضربِ عضب پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی کمانڈ اور رابطہ نظام کو ناکارہ بنادیا گیا ہے اور انہیں کبھی دوبارہ شمالی وزیرستان نہیں آنے دیا جائے گااور اس امرپرتشویش کا اظہار کیا ہے کہ پاک افغان سرحد پر دراندازی سے آپریشن متاثر ہورہا ہے، اسے روکنے کیلئے نظام کو مضبوط بنانا ہوگا۔

آرمی چیف نے برسر پیکار فوجیوں اور نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کے ساتھ ملاقات کے لیے شمالی وزیرستان اور بنوں ضلع کا دورہ کیا۔فوجی آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی کمانڈ اور رابطے کا نظام ناکارہ کر دیا گیا ہے اور انہیں کبھی دوبارہ شمالی وزیرستان نہیں آنے دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

فوج کے شعبہ اطلاعات عامہ کے بیان کے مطابق انہوں نے فوجی جوانوں کو آپریشن تیزی و مہارت کے ساتھ کرنے کا مشورہ بھی دیا

۔

بنوں میں نقل مکانی کرنے والے افراد سے خطاب میں آرمی چیف نے انہیں یقین دلایا کہ فوج نا صرف امداد مہیا کرنے میں مددگار ثابت ہوگی بلکہ ان کی بحالی کے لیے جامع منصوبے کی بھی بھرپور حمایت کرے گی۔وہاں موجود میجر جنرل اختر راوٴ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ’آج کے دن تمام ملک کی سول اور ملٹری قیادت اپنے بہن و بھائیوں کے ساتھ جو شمالی وزیرستان سے عارضی طور پر یہاں آئے ہیں، ساتھ کھڑے ہیں۔

ہم عید کی خوشیوں میں ان کے ساتھ ہیں۔ یہ دیکھ کر بڑی خوشی ہوتی ہے کہ ان کے حوصلے بہت بلند ہیں۔جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں دہشت کے خاتمے سے پہلے کارروائیوں کو کسی صورت روکا نہیں جائے گا تاہم ان کے مطابق پاک افغان سرحد پر ہونے والی دراندازی سے عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن متاثر ہو رہا ہے اس لیے اسے روکنے کے لیے موجودہ نظام کو مضبوط بنانا ہو گا۔

متعلقہ عنوان :