وزیراعلیٰ کہتے ہیں میرے حکم کے بغیر چڑیا پر نہیں مار سکتی گولی کیسے چل گئی: چودھری پرویزالٰہی ،چودھری شجاعت حسین کی کوششوں سے جلد ڈاکٹر طاہر القادری، عمران خان و دیگر جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر نظر آئیں گی،14 اگست کو عوام حکمرانوں کو اسلام آباد سے واپس لے کر آئے گی، مسلم لیگ ہاؤس میں آئی ڈی پیز کیلئے امدادی کیمپ کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

پیر 28 جولائی 2014 07:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28جولائی۔2014ء)پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما اور سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ متاثرین وزیرستان کیلئے امدادی سامان اکٹھا کر کے اسلام آباد مسلم لیگ ہاؤس میں چودھری شجاعت حسین کے حوالے کریں گے جہاں سے مسلم لیگ فاٹا کے صدر اجمل وزیر سامان آئی ڈی پیز میں تقسیم کریں گے۔

وہ یہاں مسلم لیگ ہاؤس لاہور میں آئی ڈی پیز کیلئے لگائے گئے امدادی کیمپ کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر محمد بشارت راجہ، ذوالفقار پپن، شیخ عمر حیات، خدیجہ فاروقی، سیمل کامران، سیدہ ماجدہ زیدی اور دیگر مسلم لیگی رہنما ان کے ہمراہ تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین کی کوششیں رنگ لائیں گی، ڈاکٹر طاہر القادری، عمران خان اور دیگر سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر جلد اکٹھی نظر آئیں گی، سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ایک بکرے کی قربانی سے کچھ نہیں ہو گا جلد مزید قربانیاں دینا ہوں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی اجازت کے بغیر چڑیا پر نہیں مار سکتی تو پھر گولی کیسے چل گئی؟ توقیر شاہ کا ایس ایم ایس اس سلسلے میں کافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست کو عوام کی بہتری فلاح اور تبدیلی کا پیغام لے کر آئے گی جبکہ حکمرانوں کیلئے 14 اگست کو بری خبر ہو گی، اسلام آباد مارچ کرنے والے حکمرانوں کو واپس لے کر ہی آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرستان کا آپریشن اگر حکومت نے سوچ سمجھ کر کیا تھا تو پھر آئی ڈی پیز کی رہائش، کھانے پینے کا بندوبست پہلے سے کیوں نہیں کیا گیا؟ یہ حکمران سوچتے رہتے ہیں لیکن اس پر عمل نہیں کرتے۔