پنجاب میں بجلی پیدا کرنے کے لئے کوئلے کے چھوٹے پلانٹس بھی لگائے جائیں گے،مقامات کا انتخاب کرلیا ہے ،شہبازشریف ، لاہو رکے علاوہ شیخوپورہ ، فیصل آباد، گوجرانوالہ ، سیالکوٹ ، گجرات اور ملتان میں 55x2میگاواٹ کے کول پاور منصوبے لگائے جائیں گے، سند ر لاہور اور ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ فیصل آباد میں چھوٹے کول پاور پلانٹس لگائے جارہے ہیں ، 20ماہ میں 1100میگا واٹ بجلی پید ا ہوگی، تمام متعلقہ ادارے سمال کول پاور پلانٹس پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کیلئے کام کریں ،وزیراعلیٰ کا اجلاس سے خطاب

پیر 28 جولائی 2014 07:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28جولائی۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے لئے چھوٹے پاور پلانٹس بھی لگانے کا فیصلہ کیاہے اور یہ پاو ر پلانٹس انڈسٹریل لوڈ سنٹرز کے قریب لگائے جائیں گے اس ضمن میں سمال کول پاور پلانٹس لگانے کے لئے صوبہ پنجاب میں مقامات کی نشاندہی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے ،وہ یہاں ایک اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں صوبہ پنجاب میں سمال کول پاورپلانٹس لگانے کے حوالے سے مختلف تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ،وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے کہاکہ صنعتوں کا پہیہ رواں دواں رکھنے ،بے روزگاری اور غربت کے مسائل پر قابو پانے کیلئے توانائی بحران کا جلد خاتمہ ناگزیر ہے ۔

(جاری ہے)

عوام کو لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے نجات دلانا اور ملک کو اندھیروں سے نکال کر اجالوں میں لانا ہمارا مشن ہے ۔حکومت کوئی لمحہ ضائع کیے بغیر توانائی کے منصوبوں کوتیزی سے آگے بڑھارہی ہے اورتوانائی بحران پر جلد سے جلد قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں ۔لاہور سمیت پنجاب کے 7بڑے شہروں میں لوڈ سنٹرز کے قریب سمال کول پاور پلانٹس لگانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے- لاہو رکے علاوہ شیخوپورہ ، فیصل آباد، گوجرانوالہ ، سیالکوٹ ، گجرات اور ملتان میں 55x2میگاواٹ کے کوئلے سے چلنے والے چھوٹے بجلی کے منصوبے لگائے جائیں گے -

لاہو رمیں 55x2 میگا واٹ کے 4سمال کول پاور کے منصوبے لگانے کے لئے مقامات کا نشاندہی کا عمل مکمل کر لیا گیاہے -وزیراعلیٰ نے کہاکہ سند ر انڈسٹریل اسٹیٹ لاہور اور ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ فیصل آباد میں چھوٹے کول پاور پلانٹس لگائے جارہے ہیں -انہو ں نے کہاکہ پنجاب حکومت کے اس اقدام سے آئندہ 20ماہ میں 1100میگا واٹ بجلی پید ا ہوگی -انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے سمال کول پاور پلانٹس پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کے لئے کام کریں اور متعلقہ ادارے بہترین کوآرڈنیشن یقینی بنائیں تاکہ ان منصوبوں کو بلا تاخیر آگے بڑھایاجاسکے-وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ا ن منصوبوں کے حوالے سے پنجاب میں کوئلے کو ذخیرہ کرنے کے حوالے سے کول یارڈ زبھی بنانا ہوں گے اور اس ضمن میں بھی متعلقہ حکام فوری اقدامات اٹھائیں- ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی جہانزیب خان نے سمال کول پاور پلانٹس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی،چےئرمین قائداعظم سولر پارک اورمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔