شہرقائد میں ٹارگیٹڈآپریشن کے باوجود بدامنی کا تسلسل جاری ،فائرنگ اور پرتشددواقعات میں خاتون اور مردپولیس اہلکاروں اور مذہبی کارکنوں سمیت مزید9افراد جاں بحق ، 4افرادزخمی ہوگئے

اتوار 27 جولائی 2014 08:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27جولائی۔2014ء)شہرقائد میں ٹارگیٹڈآپریشن کے باوجود بدامنی کا تسلسل جاری ،فائرنگ اور پرتشددواقعات میں ایک خاتون اور ایک مردپولیس اہلکاروں اور مذہبی کارکنوں سمیت مزید9افراد جاں بحق جبکہ 4افرادزخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آبادنمبر4 میں واقع حیدری پرائڈکے قریب پان کی دوکان پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت حیدرکے نام سے ہوئی ہے ۔

اہلسنت والجماعت کے ترجمان کے مطابق حیدراہلسنت والجماعت کا رکن ہے ۔لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہیداسپتال منتقل کردیاگیا۔ کراچی کے علاقے لیاقت آباد پر نامعلوم افراد نے پولیس کے شکایتی مرکز پر فائرنگ کر دی،جس کے نتیجے میں ایک خاتوں اہلکار سمیت 2اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

(جاری ہے)

واقعے کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہیداسپتال منتقل کردیاگیا۔

مقتولین کی شناخت پی کیو آر کا سپاہی علی اور خاتون پولیس اہلکار کرن کے نام سے ہوئی ہیں۔فائرنگ کے واقع کے بعد ایس ایچ او لیاقت آباد کو معطل کر دیا گیا،جبکہ ڈی ایس پی کو سی پی او آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔منگھو پیر تھانے کی حدود سلطان آباد کے قریب چوری کی گاڑی ٹریکنگ سسٹم کے ذریعہ پکڑنے کے لیے ٹریکنگ کمپنی کے ملازم 40سالہ وحید الدین نے کار کو رکنے کا اشارہ کیا ،جس پر کار میں سوار ڈاکووٴں نے فائرنگ کردی ،فائرنگ کے نتیجے میں 40سالہ وحید الدین ہلاک اور 55سالہ نثار ولد ناصر زخمی ہوگیا ۔

مقتول نارتھ کراچی کا رہائشی بتایا جاتا ہے ْ۔پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تفتیش کا باقاعدہ آغاز شرو ع کردیا ہے ۔شاہ لطیف ٹاوٴن تھانے کی حدود لانڈھی نمبر 6میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوگیا ۔ کراچی کے علاقے گلشن اقبال 13ڈی میں نامعلوم مسلح افراد نے مسجد کے باہر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 4افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ 2افراد راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونیوالوں میں مسجد کے امام مولانا احتشام اور موذن قاری حفیظ شامل ہیں،چاروں افراد مسجد کیباہر چندہ جمع کررہے تھے کہ اس دوران ان پر فائرنگ کی گئی،واقعے میں جاں بحق افراد کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کردیا ہے جبکہ فائرنگ سے زخمی ہونے والوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ لاشوں اور زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ اورنگی ٹاوٴن نمبر 11 اقبال مارکیٹ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں نذیراحمد ولد نظام احمد جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے بتایا جاتا ہے۔ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ بلدیہ ٹاوٴن کے علاقے مدینہ کالونی میں چھریوں کے وار سے 28سالہ گل محمد ولد گل باچا جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق مقتول کو ذاتی دشمنی کی بناء پر قتل کیا گیا ہے تاہم تحقیقات جاری ہیں۔ اورنگی ٹاوٴن نمبر ساڑھے 11میں بے نظیر کالونی میں ڈکیتی مزاحمت پر میاں بیوی نوشاد ولد محمد خلیل، شازیہ زوجہ نوشاد زخمی ہوگئے جن کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ عائشہ منزل کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے شیعہ عزادار سلمان مجتبیٰ کا 9 سالہ بیٹا علی زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

متعلقہ عنوان :