ملک میں مستقبل قریب میں مڈٹرم انتخابات کا کوئی امکان نہیں،پرویز رشید، فوج ایک ماہ سے اسلام آباد میں موجود ہے ۔اس کا تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔فوج اور حکومت ایک پیج پر ہیں۔ پی ٹی آئی کو لانگ مارچ کرنے یا نہ کرنے کی اجازت کا فیصلہ وزیر اعظم کی واپسی کے بعد ہوگا۔طاہر القادری کی بہت سی مالی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں۔ تشہیر پر کروڑوں خرچ کرنے کا کوئی ریکارڈ نہیں تحقیقات کررہے ہیں، وزیر اطلاعات کی نجی ٹی وی سے گفتگو

اتوار 27 جولائی 2014 08:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27جولائی۔2014ء)وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ملک میں مستقبل قریب میں مڈٹرم انتخابات کا کوئی امکان نہیں ہے۔ فوج ایک ماہ سے اسلام آباد میں موجود ہے ۔اس کا تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔فوج اور حکومت ایک پیج پر ہیں۔ پی ٹی آئی کو لانگ مارچ کرنے یا نہ کرنے کی اجازت کا فیصلہ وزیر اعظم کی واپسی کے بعد ہوگا۔

طاہر القادری کی بہت سی مالی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں۔ تشہیر پر کروڑوں خرچ کرنے کا کوئی ریکارڈ نہیں تحقیقات کررہے ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ عمران خان کے37 ارکان اسمبلی جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہیں وہ مڈٹرم انتخابات سے متعلق سوچتے ہیں ۔عمران خان لانگ مارچ کر کے اپنی ہی جماعت کو نقصان پہنچا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

عمران کس نیت سے اسلام آباد آتے ہیں ۔

دیکھتے ہیں بلی تھیلی سے باہر نکلتی ہے یا سانپ ۔ان کی خیبر پختونخواہ میں کارکردگی صفر ہے۔انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 45 کے تحت فوج کو اسلام آباد میں تعینات کرنے کا تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے کوئی تعلق نہیں ۔فوج پہلے ہی ایک ماہ سے اسلام آباد میں موجود ہے ۔آرٹیکل 45 سے فوج کو اسلام آباد میں موجودگی کو قانونی تحفظ فراہم کیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ فوج اور حکومت ایک ہی پیج پر ہیں ۔

حکومت جو کہتی ہے فوج اس پر عملدرآمد کرتی ہے۔تحریک انصاف کو لانگ مارچ کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے فیصلہ وزیر اعظم دورہ سعودی عرب کے بعد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی بہت سی مالی بے ضابطگیاں منظر عام آئی ہیں ۔برطانیہ میں سوشل سکیورٹی والا بھی ،80،80 ہزار پاؤنڈ دیتا ہے ۔ان کی اکاؤنٹس میں کروڑوں پاؤنڈ ،یورو اور ڈالر پڑے ہیں جن کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے ۔طاہر القادری نے اپنی تشہیری مہم پر جو رقم خرچ کی ہے ان کا بھی کوئی ریکارڈ نہیں ہے ۔انہوں نے پہلے لوگوں کو نمونیہ سے مارا ہے اب ملیریا سے ماریں گے۔ انقلاب چاہتے ہیں تو کینیڈا کی شہریت کی قربانی تو دیں ۔غیر قانونی رقوم کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔