عالمی برادری کی خاموشی، غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی ، ہرگھنٹے میں ایک بچہ شہید ، اسرائیل نے 18روز میں سات سو سے زائد نہتے فلسطینیوں کو شہید ، بچوں کی بڑی تعداد اسرائیلی درندگی کا نشانہ بنی‘جنون میں مبتلاء اسرائیل نہتے شہریوں کو مار رہا، اقوام متحدہ

ہفتہ 26 جولائی 2014 06:03

غزہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26جولائی۔2014ء)عالمی برادری کی خاموشی کے باعث اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی پر اتر آیاہے اقوام متحدہ کے مطابق دو دن کے دوران ہر گھنٹے میں ایک بچے کو شہید کیا گیا۔ خون کے پیاسے اسرائیل نے 18روز میں 700 سے زائد نہتے فلسطینیوں کو شہید کیا۔ وہ معصوم کلیاں ، جو گھروں پر مسلسل برستے بموں کی دھمک اور گرج سے ہی مرجھا جائیں ، انہیں بڑے بڑے بموں اور ٹینکوں کے گولوں سے مسل کر رکھ دیا۔

اب تک بچوں کی بہت بڑی تعداد اسرائیلی درندگی کا نشانہ بن چکی ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق گذشتہ دو دنوں میں ہر گھنٹے میں ایک معصوم بچہ شہید کیا گیا۔

لیکن پھر بھی ظالم صیہونی ریاست کو قرار نہ آیا جو فلسطینیوں کی نسل کشی کررہی ہے۔جمعہ کی صبح اسرائیلی طیاروں نے جبالیہ پناہ گزین کیمپ کو نشانہ بنایا تو وہاں بھی اٹھارہ ماہ کا بچہ شہید ہوا جبکہ ایک ہی خاندان کے چھ افراد بھی نشانہ بنے۔

(جاری ہے)

ایک زخمی شخص نے بتایا کہ جنون میں مبتلا اسرائیل نہتے شہریوں کو مار رہاہے۔ظلم کی حدیں پار کرنے کے باجود بھی اسرائیل کا حملے روکنے کا کوئی ارادہ نہیں۔اسرائیل کا کہناہے کہ سرنگیں اور راکٹ تباہ کرنے کیلئے مزید وقت درکار ہے۔ ابتدا میں حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی بات کرنے والا اسرائیل اب کئی روز سے بلا امتیاز بم برسا رہاہے ، جس میں متعدد مساجد، اسپتال ، پناہ گزین کیمپ اور اسکول تباہ ہوچکے ہیں۔