جمعة الوداع نہایت عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبہ کے ساتھ منایاگیا،مساجد اور امام بارگاہوں میں نماز جمعة الوداع کے بڑے بڑے اجتماعات،مقبوضہ کشمیر کی آزادی اورفلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار، عالم اسلام کے اتحاد اور کراچی سمیت ملک بھر میں امن و امان کیلئے گڑگڑا کر دعائیں مانگی گئیں،مساجد،امام بارگاہوں کے باہر حفاظتی انتظامات انتہائی سخت

ہفتہ 26 جولائی 2014 06:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26جولائی۔2014ء) جمعة الوداع 25جولائی 26رمضان المبارک کونہایت عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبہ کے ساتھ منایاگیا اس سلسلے میں ملک بھر کے چاروں صوبوں،وفاقی دارالحکومت،آزاد کشمیر،شمالی علاقہ جات ،جنوبی پنجاب کے شہروں ملتان،وہاڑی،ڈیرہ غازی خان،لیہ،مظفر گڑھ،تحصیل جہانیاں،خانیوال،بہاولپور،لودھراں،میاں چنوں،کبیروالا،دنیا پور،ٹھٹھہ صادق آباد اور دیگر شہروں کی مرکزی مساجد اور امام بارگاہوں میں نماز جمعة الوداع کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے اورجمعة الوداع کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام و خطیب حضرات نے جمعة الوداع کی اہمیت و فضیلت،امت مسلمہ کو درپیش مسائل اور مذہبی ہم آہنگی کی ضرورت پر تفصیل سے روشنی ڈالی جبکہ ملک و ملت کی سلامتی،خوشحالی،دہشت گردی سے نجات،مقبوضہ کشمیر کی آزادی اورفلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے عالم اسلام کے اتحاد اور کراچی سمیت ملک بھر میں امن و امان کیلئے گڑگڑا کر دعائیں مانگی گئیں۔

(جاری ہے)

وفاقی دارلحکومت میں نماز جمعہ کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا حکومت پنجاب کے خصوصی احکامات پرجمعة الوداع کو ملک بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ رکھی گئی جنوبی پنجاب کے شہروں ملتان،خانیوال،جہانیاں،بہاول پور،لودھراں اور دیگر شہروں کی مساجد،امام بارگاہوں کے باہر حفاظتی انتظامات انتہائی سخت کیے گئے تھے۔ دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر ملک بھر کی مساجد،امام بارگاہوں اور حساس مقامات پر سیکورٹی سخت رکھی گئی ۔

انتظامیہ نے مساجد اور امام بارگاہوں کے قریب پارکنگ سختی سے ممنوع قرار دے دیا۔پولیس ،ایلیٹ فورس اور سیکورٹی اہلکاروں کی جانب سے مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی گئی اور تمام اہم شاہراہوں پر پولیس گشت کا سلسلہ بھی جاری رہے رہا۔عید الفطر کے اجتماعات کے انعقاد کے موقع پر ممکنہ دہشت گردی روکنے کیلئے بھی فول پروف انتظامات کیے ہیں اس سلسلے میں تمام پولیس ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ پولیس ہائی الرٹ رہے گی عید گاہ اور دیگر مقامات پر نماز عید کیلئے آنے والوں کی مکمل تلاشی لی جائے گی جبکہ داخلی دروازوں پر خصوصی آلات کے ذریعے چیکنگ کی جائے گی۔