پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے مضبوط تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ، ڈاکٹر طارق فاطمی ، دونوں ممالک کے درمیان پارٹنر شپ خطے اور عالمی سلامتی کیلئے اہم ہے، پاکستان خطے میں امن واستحکام کے لئے تعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہے ، پاکستان اور بھارت کے درمیان آئندہ خارجہ سیکرٹری سطح کے مذارکات تمام اہم امورپر مثبت پیش رفت کا باعث بنیں گے،واشنگٹن ڈی سی جان ہویکنز یونیورسٹی میں پاک امریکہ تعلقات بارے راؤنڈ ٹیبل کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 26 جولائی 2014 05:55

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26جولائی۔2014ء) وزیراعظم کے خارجی امور کے خصوصی معاون ڈاکٹر طارق فاطمی نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے مضبوط تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان پارٹنر شپ خطے اور عالمی سلامتی کیلئے اہم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے واشنگٹن ڈی سی جان ہویکنز یونیورسٹی میں پاک امریکہ تعلقات بارے راؤنڈ ٹیبل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا کانفرنس میں یونیورسٹی ڈین ڈاکٹر ولی ناصر ، سکالرز اور تھینک ٹینکس کے منتخب اراکین نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں ڈاکٹرز طارق فاطمی نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کے حالیہ دورہ امریکہ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط تعلقات علاقائی اورعالمی سلامتی کے حوالے سے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ افغانستان میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے آپس میں قریبی تعاون کررہے ہیں وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کانفرنس کے دوران پاکستان کے امریکہ ، چین بھارت اور دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات کے مختلف پہلوؤں بارے پوچھے گئے سوالات کے بھی جواب دیئے اور کہا کہ پاکستان خطے میں امن واستحکام کے لئے تعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان آئندہ خارجہ سیکرٹری سطح کے مذارکات تمام اہم امورپر مثبت پیش رفت کا باعث بنیں گے ۔