سمجھوتہ ایکسپریس کے ٹرائل میں تاخیر پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، بھارت کا پاکستان ممبئی حملہ کیس ملتوی کرنے کیخلاف پاکستانی نائب ہائی کمشنر کو طلب کرکے شدید احتجاج

ہفتہ 26 جولائی 2014 05:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26جولائی۔2014ء)دفتر خارجہ نے سمجھوتہ ایکسپریس کے ٹرائل میں تاخیر پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کر کے سخت احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ دفتر خارجہ نے اسلام آباد میں تعینات بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو سمجھوتہ ایکسپریس کے ٹرائل میں بغیر کسی وجہ کے تاخیر کرنے پر طلب کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا اورکہا کہ پاکستان کا موقف ہے کہ بھارت کی کی جانب سے سمجھوتہ ایکسپریس کے ٹرائل میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے جا رہے اور نہ ہی ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا رہا ہے۔

پاکستان کی جانب سے بھارت کو سمجھوتہ ایکسپریس پر حملے کے تمام تر ثبوت فراہم کئے جا چکے ہیں لہذا کیس میں جلد از جلد انصاف فراہم کیا جائے۔واضح رہے کہ سجمھوتہ ایکسپریس کو 2007 میں بھارت کے دارالحکومت نئی دلی سے لاہور آتے ہوئے ہندو انتہا تنظیم آر ایس ایس نے پانی پت کے مقام پر ٹرین کو دھماکے کی مدد سے اڑا دیا تھا جس کے نتیجے میں 68 افراد جاں بحق ہو گئے تھے جس میں زیادہ تعداد پاکستانیوں کی تھی۔

(جاری ہے)

ادھربھارت نے پاکستان ممبئی حملہ کیس ملتوی کرنے کیخلاف پاکستانی نائب ہائی کمشنر کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا ہے ۔ بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق ممبئی حملہ کیس ملتوی کئے جانے کیخلاف بھارت نے نئی دہلی میں پاکستانی نائب ہائی کمشنر کو طلب کرکے شدید احتجاج کرنے کے علاوہ اسلام آباد میں بھارتی نائب کمشنر نے بھی دفتر خارجہ جا کر احتجاج ریکارڈ کروایا ہے رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نئی دہلی اور اسلام آباد دونوں ملاقاتوں میں بھارتی حکام نے پاکستانی حکام پر واضح کیا ہے کہ کیس بارے پیش رفت پر باقاعدہ بریفنگ دی جائے جبکہ پاکستان اس کیس میں جلد پیش رفت کرتے ہوئے حملوں کے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لائے ۔