وزارت داخلہ کی اصغر خان کیس کے بند ہونے بارے خبروں کی تردید

جمعہ 25 جولائی 2014 06:55

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25جولائی۔2014ء)وزارت داخلہ نے اصغر خان کیس کے بند ہونے بارے شائع ہونے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اصغر خان کیس پر پیش رفت جاری ہے اور ایف آئی اے نے کیس سے متعلق تمام ٹیلی ویژن انٹر ویوز کی غیر ایڈٹ شدہ ریکارڈنگ اور اُن کی ٹرانسکرپٹس پیمرا سے حاصل کرلی ہیں اور اُن کی چھان بین جاری ہے اور یہ کہ کیس سے متعلقہ تمام ریکارڈ سپریم کورٹ سے حاصل کرلیا ہے اور وہ بھی چھان بین اور تحقیقات کے مراحل سے گزر رہا ہے۔

جبکہ یونس حبیب کی جانب سے کھولے گئے جعلی اکاؤنٹس، ان میں جمع کی گئی اور نکالی گئی رقوم اور ان کے ذرائع کا ریکارڈ ایف آئی اے نے حاصل کرلیاہے اور اس کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں اوریہ کہ ایف آئی اے اصغرخان کیس سے متعلقہ تمام افراد کو اپنے بیانات قلم بند کرانے کیلئے جلد طلب کرے گی۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں جمعرات کے روز وزارت داخلہ سے جاری کے گئے بیان میں ترجمان وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ” بعض اخبارات میں ایف آئی اے کے اصغر خان کیس کی تحقیقات بند کردینے کے بارے شائع ہونے والی خبریں بے بنیاد اور غلط ہیں،رجمان نے واضح طورپر کہا کہ اصغر خان کیس پر پیش رفت جاری ہے اور ایف آئی اے نے کیس سے متعلق تمام ٹیلی ویژن انٹر ویوز کی غیر ایڈٹ شدہ ریکارڈنگ اور اُن کی ٹرانسکرپٹس پیمرا سے حاصل کرلی ہیں اور اُن کی چھان بین جاری ہے اور یہ کہ کیس سے متعلقہ تمام ریکارڈ سپریم کورٹ سے حاصل کرلیا ہے اور وہ بھی چھان بین اور تحقیقات کے مراحل سے گزر رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ کیس سے متعلق اےئر مارشل(ریٹائرڈ) اصغر خان سابق بینکار یونس حبیب ،ایچ بی ایل کے سابق زونل چیف یونس میمن اور لیفٹیننٹ جنرل(ریٹائرڈ) اسد درانی کے بیانات قلم بند کئے جاچکے ہیں۔سابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل( ریٹائرڈ) اسلم بیگ سے بیان کیلئے رابطہ کیا گیا تھا جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ کیس Court Review میں ہے اور یہ کہ اگر انہیں سوال نامہ بھیجا جائے تو وہ ان کے جوابات دیں گے۔

اس سلسلے میں ترجمان نے کہا کہ سوال نامہ تیاری کے مراحل میں ہے اور جلد ہی جنرل( ریٹائرڈ) اسلم بیگ کو ارسال کردیا جائے گا۔ترجمان نے مزید کہا کہ یونس حبیب کی جانب سے کھولے گئے جعلی اکاؤنٹس، ان میں جمع کی گئی اور نکالی گئی رقوم اور ان کے ذرائع کا ریکارڈ ایف آئی اے نے حاصل کرلیاہے اور اس کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں اوریہ کہ ایف آئی اے اصغرخان کیس سے متعلقہ تمام افراد کو اپنے بیانات قلم بند کرانے کیلئے جلد طلب کرے گی۔