شمالی وزیرستان ،بارودی سرنگ کے دھماکے میں 2فوجی جوان شہید،خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑا اور جمرود میں گھروں کے باہر دو دھماکے ، گھر کو جزوی نقصان پہنچا،چارسدہ میں راکٹ گرنے سے دو افراد زخمی ‘سکیورٹی حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا

جمعہ 25 جولائی 2014 06:49

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25جولائی۔2014ء)شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کے دوران بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں پاک فوج کے 2جوانوں نے جام شہادت نوش کرلیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق جمعرات کی شام پاک افغان سرحدکے نزدیک غلام خان علاقے میں شدت پسندوں کی طرف سے بارودی سرنگ کادھماکہ کیاگیاجس کی زدمیں آکردوفوجی جوان شہیدہوگئے۔

ادھرخیبر ایجنسی کی تحصیل باڑا اور جمرود میں گھروں کے باہر دو دھماکے ہوئے۔

(جاری ہے)

چارسدہ میں راکٹ گرنے سے دو افراد زخمی ہوگئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق تحصیل باڑا کے علاقے اچھینی میں ایک گھر کے باہر دھماکا ہوا۔ جس سے گھر کو جزوی نقصان پہنچا۔دوسرا دھماکہ تحصیل جمرود کے علاقے وزیر ڈنڈ میں گھر کے باہر ہوا۔ دونوں دھماکو ں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔اْدھر چارسدہ کی تحصیل شب قدر کے علاقے نورانے میں نامعلوم سمت سے فائر کیا گیا راکٹ ایک گھر پرگرا جس سے دو افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیاگیاہے۔واقعہ کے بعد سکیورٹی حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔