آزادی ٹرین 11اگست سے پشاور سے سفرشروع کرے گی، ٹرین نوشہرہ سے گزرنے کے بعد پہلا سٹاپ اسلام آباد گولڑہ سٹیشن پر کرے گی، دو روز ر کنے کے بعد پھر روہڑی اور کوئٹہ کے راستے کراچی کیلئے اپنا سفر شروع کرے گی،ٹرین کی دو بوگیاں فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کیلئے مختص ہوں گی جن میں تحریک آزادی اور مسلح افواج کی طرف سے دی گئی قربانیوں کو اجاگر کیا جائے گا

جمعہ 25 جولائی 2014 06:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25جولائی۔2014ء )آزادی ٹرین ملکی تاریخ اور ثقافت کو اجاگر کرتے ہوئے اگلے مہینے کی گیارہ تاریخ کو پشاور سے اپنا سفرشروع کرے گی۔یہ فیصلہ وزیر ریلوے سعد رفیق کی صدارت میں اسلام آباد میں ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹرین نوشہرہ سے گزرنے کے بعد پہلا سٹاپ اسلام آباد گولڑہ سٹیشن پر کرے گی جہاں پر دو روز رکے گی اور پھر روہڑی اور کوئٹہ کے راستے کراچی کیلئے اپنا سفر شروع کرے گی۔

(جاری ہے)

ثقافت اور قومی ورثے کی وزارت نے بینر تیار کئے ہیں جن پر پاکستانی تاریخ کے مختلف ادوار تحریک پاکستان اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کو اجاگر کیا گیا ہے۔ٹرین کی دو بوگیاں فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کیلئے مختص ہوں گی جن میں تحریک آزادی اور مسلح افواج کی طرف سے دی گئی قربانیوں کو اجاگر کیا جائے گا۔ٹرین کی ایک بوگی پاکستان ریلوے کیلئے مختص کی گئی ہے جس میں پاکستان کی تاریخ کو نمایاں کیا جائے گا۔چاروں صوبوں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی ثقافت کی نمائندگی کیلئے ٹرین میں بینر شامل کئے گئے ہیں۔