پاکستان کی افغان صدر سے صحافی فیض اللہ کی رہائی کیلئے اپنے قانونی اختیارات استعمال کرنے کی اپیل،حکومت کی کوشش ہے کہ فیض اللہ عید اپنے گھروالوں کے ساتھ گزاریں،پرویز رشید،صدر کرزئی انسانی المیہ کو سمجھتے ہیں، امید ہے وہ ہماری اپیل کا مثبت جواب دیں گے، وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کی پریس کانفرنس

جمعہ 25 جولائی 2014 06:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25جولائی۔2014ء)پاکستان نے افغان صدر حامد کرزئی سے صحافی فیض اللہ کی رہائی کیلئے اپنے قانونی اختیارات استعمال کرنے کی اپیل کی ہے اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت کی کوشش ہے کہ فیض اللہ عید اپنے گھروالوں کے ساتھ گزاریں،صدر کرزئی انسانی المیہ کو سمجھتے ہیں، امید ہے وہ ہماری اپیل کا مثبت جواب دیں گے۔

جمعرات کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے سینئر صحافی فیض اللہ کی رہائی کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم تمام ممالک کے قوانین اور عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے قانون میں صدر کو یہ اختیار حاصل ہے کہ عدالت کی جانب سے دی گئی سزا کو کالعدم قرار دے کر معاف کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حامد کرزئی کے پاس سزا معاف کرنے کا اختیار ہے اور اس کا استعمال کرتے ہوئے فیض اللہ کی سزا کو معاف کردیں کیونکہ حامد کرزئی نے بھی زندگی میں بہت مشکلات کا سامنا کیا ہے اور انہیں ملک سے دوری کا احساس ہونا چاہئے، وہ جانتے ہیں کہ المیہ کیا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ فیض اللہ نے کوئی بڑا جرم نہیں کیا ان سے معمولی سرزد ہوئی ہے۔ وہ صرف دستاویزات کے بغیر افغانستان میں داخل ہوئے ہیں اسے جرم ہی نہیں کہا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ اور وزارت اطلاعات و نشریات اس معاملے کو دیکھ رہی ہیں۔ میں نے بذات خود سرتاج عزیز سے بات کی ہے۔ اپیل کے بعد حامد کرزئی سے بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ فیض اللہ عید گھر والوں کیساتھ گزاریں۔