پاکستانی جمہوریت سے محبت کرتے ہیں جنہوں نے4آمریتوں کواکھاڑ پھینکا،سعد رفیق،پاکستان کو عظیم مستحکم اور خوشحال تر بنانا ہر پاکستانی کا فرض ہے ،جشن آزادی کی 30 روزہ قومی تقریبات کا آغاز یکم اگست کوقومی پرچم لہرانے کی تقریب سے ہوگا،11اگست کو آزادی ٹرین سفر کا آغاز کرے گی جو11ستمبر کوختم ہوگا ،کھیلوں مقابلے،متاثرین کیلئے خصوصی پروگرام13اور14کی درمیانی شب فوجی پریڈ 14اگست کی صبح پرچم کشائی ہوگی، دہشتگردی سے بطور قوم لڑنا ہوگا،اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 25 جولائی 2014 06:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25جولائی۔2014ء)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستانی جمہوریت سے محبت کرتے ہیں جنہوں نے4آمریتوں کواکھاڑ پھینکا،پاکستان کو عظیم مستحکم اور خوشحال تر بنانا ہر پاکستانی کا فرض ہے جشن آزادی کی 30 روزہ قومی تقریبات کا آغاز یکم اگست جمعہ کو قومی پرچم لہرانے کی تقریب سے ہوگا،11اگست کو آزادی ٹرین سفر کا آغاز کرے گی جو11ستمبر کوختم ہوگا کھیلوں مقابلے،متاثرین کیلئے خصوصی پروگرام13اور14کی درمیانی شب فوجی پریڈ 14اگست کی صبح پرچم کشائی ہوگی۔

جمعرات کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان کودہشتگردی کا سامنا ہے،ہمیں دہشتگردی سے بطور قوم لڑنا ہوگا،پاکستان کو عظیم،مستحکم اور خوشحال تر بنانا ہر پاکستانی کا فرض ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم مشکلات کے سامنے ہمیشہ سیز سپررہی اور ہر مشکل کا ڈٹ کر مقابلہ کیا پاکستان کے عوام جمہوریت سے بہت پیار کرتے ہیں جنہوں نے ہمیشہ ووٹ کے ذریعے تبدیلی کی حمایت کی اور 4آمریتوں کو اکھاڑ پھینکا

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خودانحصاری اورخوشحالی کے لئے دہشتگردی کا خاتمہ ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے یوم آزادی کی تقریبات31دن تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے،یوم آزادی کی تقریبات یکم اگست جمعہ کو شروع ہوں گی اور تمام مساجد میں خطباتمیں خصوصی دعائیں کی جائیں گی،انہوں نے کہا کہ جمعہ کے دن سے قومی پرچم لہرانے کی عوام کو ترغیب دی جائے گی اور ہر گھر اور گاڑی پرقومی پرچم لہرایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ 11اگست سے پشاور سے آزادی ٹرین کا آغاز ہوگا۔

ٹرین پورے ملک کا سفر کرنے کے بعد11ستمبر کو کراچی پہنچے گی،ٹرین پر چاروں صوبوں ،آزاد کشمیر،فاٹا کی نمائندگی ہوگی۔یوم آزادی کی31روزہ تقریبات کا اہم جرو ملک کے مختلف حصوں میں شہداء کے مرارات پر اراکین اسمبلی کی حاضری ،چادر چڑھانا اور دعا ہے،ہم تمام سیاسی جماعتوں کے اراکین سے درخواست کریں گے کہ اپنے سپورٹرز اور ساتھیوں کے ساتھ افواج پاکستان،پولیس اوردیگر شہداء کے مزارات پر بھی جائیں اور لواحقین سے بھی ملیں۔

انہوں نے کہا کہ آزادی تقریبات میں مختلف شہروں میں فٹ بال،ریسلنگ،کبڈی،کرکٹ اور ہاکی سمیت سپورٹس کے مقابلوں کا ضلعی سطح پر انعقاد کیا جائے گا جس کے لئے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قائد کے تصور پاکستان پر ایک قومی کانفرنس اور ینگ پروفیشنلز کی کانفرنس کا انعقاد بھی کیا جارہا ہے جسے احسن اقبال آرگنائز کریں گے۔

قومی سطح پر ملی نغموں،مضمون نویسی اور دیگر مقابلے ہوں گے۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ یوم آزادی کی تقریبات میں13اور 14اگست کی درمیانی شب پریڈ اور خلائی پاسٹ ہوگا،تاہم رات کو پرچم کشائی کی تقریب نہیں ہوگی اور14اگست کی صبح پرچم لہرانے کی روایتی تقریب ہوگی۔تقریب میں گورنرز،صوبائی وزراء اعلیٰ اور دیگر شخصیات کو بھی مدعو کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ قومی پرچم کے بیج اپنے سینوں پر آویزاں کریں گے۔پاکستان لازوال قربانیوں کا ثمر ہے آزادی جشن منانے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو مدعو کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس مسلح اورمنظم بہادر افواج اورملک میں ایک آزاد عدلیہ موجودہے۔