پنجاب حکومت شمالی وزیرستان کے28ہزار سے زائد متاثرہ خاندانوں کونقدمالی امدادتقسیم کرچکی ہے ، شہباز شریف،آئندہ تین روز میں تمام متاثرہ خاندانوں کو نقد ادائیگی کا عمل ہر صورت مکمل کرلیا جائے،رقوم کی تقسیم کے عمل کی آئی ٹی بیسڈ تصدیق کرائی جائے،وزیراعلیٰ کی ہدایت،متاثرہ خاندانوں میں امدادکی تقسیم کے لئے شفاف نظام وضع کیا گیا ہے،ایک ایک پائی حقداروں تک پہنچائیں گے،پنجاب حکومت بے گھر خاندانوں میں عید گفٹس بھی تقسیم کرے گی،متاثرہ خاندانوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے:وزیراعلیٰ پنجاب

جمعرات 24 جولائی 2014 08:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24جولائی۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نتیجے میں شمالی وزیرستان کے بے گھر ہونے والے بہن بھائیوں کی مدد ہم سب کی قومی اور دینی ذمہ داری ہے۔پنجاب حکومت 28ہزار سے زائد متاثرہ خاندانوں کو نقد مالی امداد کی تقسیم کا عمل مکمل کرچکی ہے ۔متاثرہ خاندانوں میں امدادکی تقسیم کے لئے شفاف نظام وضع کیا گیا ہے۔

آئی ڈی پیز کے لئے قائم کیے گئے ”چیف منسٹرز ریلیف فنڈ“میں جمع ہونے والے عطیات کی ایک ایک پائی نہایت شفاف طریقے سے مستحقین تک پہنچائی جارہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں شمالی وزیرستان کے بے گھر ہونے والے بہن بھائیوں کی مدد کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب اور” چیف منسٹر زریلیف فنڈ“ میں عطیات دینے والوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنماء و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف ،صوبائی وزراء مجتبیٰ شجاع الرحمن،بلال یاسین،محمد شفیق،مشیر خواجہ احمد حسان،اراکین اسمبلی،پرویز ملک ،منشا ء اللہ بٹ، غلام فرید،سعودمجید، چیف سیکرٹری،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیواور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت متاثرہ خاندانوں میں نقد رقوم بھی تقسیم کررہی ہے تاکہ وہ اپنی ضروریات کے مطابق اشیائے ضروریہ خرید سکیں۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ آئندہ تین روز میں تمام متاثرہ خاندانوں کو نقد ادائیگی کا عمل ہر صورت مکمل کیا جائے ۔آئی ڈی پیز کو ریلیف کی فراہمی کے لئے فنڈ ریزنگ مہم بھر پور طریقے سے چلائی جائے۔متاثرہ خاندانوں کو نقد رقوم کی تقسیم کے عمل کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی بنیاد پر تصدیق کرائی جائے۔انہوں نے کہا کہ پنجا ب حکومت نے شمالی وزیرستان کے بے گھر ہونے والے خاندانوں کو عیدکی خوشیوں میں شامل کرنے کا بھی پروگرام بنایا ہے اس مقصد کے لیے متاثرہ خاندانوں میں عید کے پرمسرت موقع پر عید گفٹس بھی تقسیم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ڈی پیز کی مدد کے لئے” چیف منسٹر ز ریلیف فنڈ“میں جمع ہونے والے عطیات کی ایک ایک پائی متاثرہ خاندانوں پر صرف ہوگی۔بیرون ممالک مقیم پاکستانیز آئی ڈی پیز کے لئے فنڈ ریزنگ میں مدد گا ر ثابت ہوسکتے ہیں۔آئی ڈی پیز کو ریلیف کی فراہمی کے لئے اوورسیز پاکستانیوں سے بھی رابطہ کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہپنجاب کی حکومت اورعوام مشکل میں گھرے شمالی وزیرستان کے متاثرہ خاندانوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

بے گھر ہونیوالے خاندان پاکستان کے امن کے لئے مشکلات برداشت کررہے ہیں ۔ وطن عزیز کے استحکام اور امن کیلئے قربانی دینے والے متاثرہ خاندانوں کی مدد ہر پاکستانی کا فرض ہے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے مخیر حضرات ،تاجروں اوراراکین اسمبلی نے ملاقات کی اورآئی ڈی پیزکی مدد کے لئے ”چیف منسٹرز ریلیف فنڈ“ میں ایک کروڑ8لاکھ روپے مالیت کے چیک دےئے۔

چیف منسٹرز ریلیف فنڈ میں ایوان صنعت وتجارت اوکاڑہ نے 56لاکھ روپے،انجمن تاجران اوکاڑہ نے 42لاکھ جبکہ ممبر قومی اسمبلی اسفن یارایم بھنڈارانے10لاکھ روپے کے چیک جمع کرائے۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں شمالی وزیرستان کے بہن بھائیوں کوہرممکن مدد فراہم کریں گے-مشکل میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد کرنے والوں کے جذبے کو سلام کرتا ہوں-مشکل میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد کرنے والے دین اوردنیا دونوں کما رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہدہشت گردی کے خلاف جنگ کے خاتمے اور قیام امن کے بعد متاثرہ علاقے میں جدید ہسپتال بنائیں گے۔صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن،مشیر خواجہ احمدحسان،ایم این اے عباس ربیرہ،ایوان صنعت و تجارت اوکاڑہ کے عہدیداران اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو بھی اس موقع پر موجود تھے ۔