امریکی نمائندہ خصوصی جیمز ڈوبنز کی عسکری و سیاسی حکام سے ملاقاتیں، پاکستان امریکہ مذاکرات،باہمی تعلقات پر اطمینان کا اظہار، مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

منگل 22 جولائی 2014 07:18

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22جولائی۔2014ء) امریکی خصوصی نمائندہ برائے پاکستان و افغانسان جیمز ڈوبنز کی وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان سے ملاقات ۔ملاقات کے دوران خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور پاک امریکہ تعلقات پر دونوں راہنماوٴں نے تبادلہ خیال۔بدھ کو امریکی نمائندہ برائے پاکستان و افغانسان جیمز ڈوبنز نے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثارعلی خان سے ملاقات کی۔

اس موقع پر چودھری نثار علی خان نے کہا کہ مستحکم اور پر امن افعانستان خطے کی مجموعی امن و امان کے لئے ناگزیر ہو چکا ہے۔پاکستان افغانستان سمیت خطے میں امن و امان اور دہشتگردی کے خاتمہ کے لئے ہمیشہ کی طرح اپنا مثبت اورتعمیری کردار ادا کرتا رہیگا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانسان کی نئی حکومت کے ساتھ تمام متعلقہ شعبوں میں تعاون اور کام کرنے کو تیار ہے اور وہ پرعزم ہیں کہ نئی افغان حکومت کے ساتھ پاکستان کے تعلقات مثالی ہونگے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امریکی خصوصی نمائندے نے وفاقی وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ پاکستان کی مثبت کردار کی حوصلہ افزائی کرتا رہے گا۔ملاقات کے موقع پر پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن بھی موجود تھے۔

قبل ازیں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے امریکی نمائندہ خصوصی جیمز ڈوبنز کی ملاقات۔ دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ روز پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امریکی نمائندہ خصوصی جیمز ڈوبنز نے پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی دوطرفہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ افغانستان میں انتخابات کے بعد کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب اور افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلاء پر بات چیت کی گئی ۔

پاکستان اور امریکہ نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے

جبکہ وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان دہشتگردوں کیخلاف بغیر کسی تفریق کے فوجی آپریشن ضرب عضب کررہا ہے ۔ پیر کے روز پاکستان اور امریکہ کے درمیان مذاکرات دفتر خارجہ میں ہوئے، اجلاس میں امریکہ کی جانب سے امریکی نمائندہ برائے افغانستان و پاکستان جیمز ڈوبنز نے سربراہی کی جبکہ پاکستان کی جانب سے وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے سربراہی کی ۔

اجلاس میں سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری ، امریکی سفیر رچرڈ اولسن سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں دونوں ممالک کے وفود نے باہمی تعلقات اور افغانستان سمیت تمام اہم امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ وزیراعظم کے مشیر نے امریکی خصوصی نمائندے کے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کے لیے کردار کو سراہا دونوں جانب سے تعلقات میں مزید اضافے اور افغانستان سمیت باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا مشیر خارجہ نے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات تجارت ، معیشت ، توانائی ، انسداد دہشتگردی ، تعلیم ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں اضافے میں جامع مذاکرات کے کردار پر روشنی ڈالی دونوں جانب سے جاری تعلقات اور باہمی اعتماد میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ۔

مشیر خارجہ نے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی امتیاز کے بغیر فوجی آپریشن ضرب عضب کررہا ہے ۔ مشیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان پرامن اور مضبوط افغانستان کے لیے پرعزم ہے انہوں نے سیکرٹری جان کیری کی افغانستان میں کوششوں کوسراہا اور پاکستان کی شفاف جمہوری منتقلی کے لیے کوششوں سے بھی آگاہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :