کراچی،کالعدم تحریک طالبان پاکستان اتحادٹاؤن کے امیر پولیس مقابلے میں ہلاک

پیر 21 جولائی 2014 06:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21جولائی۔2014ء)کراچی میں سی آئی ڈی سول لائن انویسٹی گیشن پولیس نے مشرف کالونی میں سانحہ عباس ٹاؤن میں ملوث کالعدم تحریک طالبان پاکستان اتحادٹاؤن کے امیر کو مبینہ مقابلے میں ہلاک کرنے کادعوی کیا ،ملزم کے قبضے سے کلاشنکوف برآمد کرلی۔تفصیلات کے مطابق ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب سی آئی ڈی سول لائن انوسٹی گیشن پولیس کے انسپکٹر مظہر مشوانی نے دعوی کرتے ہوئے بتایاکہ پولیس پارٹی کے ہمراہ بلدیہ ٹاؤن کے علاقے مشرف کالونی میں پولیس نے ایک خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا تھا

کہ اس دوران ملزمان نے فائرنگ کردی ،پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان اتحاد ٹاؤن کے امیرخانزادہ عرف طور ہلا ک ہوگیا ،جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوا،پولیس نے ملزم خانزادہ کی لاش سول اسپتال منتقل کی اور اسکے قبضے سے ایک کلاشنکوف برآمدکرنے کادعوی کیا ۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ملزم خانزادہ عرف طور کراچی کے امیر خان زمان کو دست راز تھا اور اتحاد ٹاؤن کا امیر تھا اسی علاقے کا رہائشی تھا ،پولیس کے مطابق ملزم خانزادہ عباس ٹاؤن میں ہونے والے بم دھماکے کا اہم ملزم تھا اس پر الزام تھا کہ حب کے علاقے سے 3کلو گرام بارودلایاتھا جو عباس ٹاؤن بم دھماکے میں استعمال ہوا ،جبکہ ملزم نے خیبر ہوٹل کے قریب ایک بم دھماکہ کروایا تھا۔