عمران خان کی بات کیوں نہیں سنی گئی‘ چار حلقوں کی دوبارہ گنتی ہوجاتی تو کوئی آسمان نہیں گرنا تھا،مخدوم امین فہیم ، آصف زرداری نے حقیقت پسندانہ بات کی ہے‘ دیکھنا ہوگا کہ لانگ مارچ کرنے والی جماعتوں کے پیچھے کون ہے،عوام حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں، لاہور میں میڈیا سے گفتگو

پیر 21 جولائی 2014 06:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21جولائی۔2014ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی راہنماء مخدوم امین فہیم نے کہا ہے کہ عمران خان کی بات کیوں نہیں سنی گئی‘ چار حلقوں کی دوبارہ گنتی ہوجاتی تو کوئی آسمان نہیں گرنا تھا‘ آصف زرداری نے حقیقت پسندانہ بات کی ہے‘ دیکھنا ہوگا کہ لانگ مارچ کرنے والی جماعتوں کے پیچھے کون ہے۔ اتوار کو لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کسی بھی غیر جمہوری اقدام کی حمایت نہیں کرے گی۔

پیپلزپارٹی ہمیشہ جمہوریت کیلئے کوشاں رہی ہے اور رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اگر چار حلقوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا تھا تو (ن) لیگ کو چاہئے تھا کہ ان کے مطالبے کو مانا جاتا۔ انہوں نے آخر ان کی بات کیوں نہیں سنی۔

(جاری ہے)

اگر (ن) لیگ چار حلقوں میں دوبارہ گنتی کروادیتی تو کوئی آسمان نہیں گرجانا تھا۔ مڈٹرم الیکشن کا ابھی کوئی ماحول نہیں بن رہا کیونکہ حکومت کے پاس مینڈیٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے تحریک انصاف کے مطالبے کی اگر حمایت کی ہے تو انہوں نے حقیقت پسندانہ بات کی ہے۔ (ن) لیگ نے پیپلزپارٹی کیخلاف مہم چلائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی سے عوام مطمئن نہیں ہیں خواجہ آصف نے اللہ تعالیٰ سے باران رحمت کی دعا مانگی تھی جو اللہ تعالیٰ نے سن لی اور اسلام آباد میں بارش ہوئی۔ مخدوم امین فہیم کا کہنا تھا کہ 14 اگست کو کچھ بھی نہیں ہوگا۔ سیاست میں کوئی لفط حرف آخر نہیں ہوتا۔ 14 اگست کو پاکستان سلامت رہے گا‘ دیکھنا ہوگا کہ لانگ مارچ کرنے والی جماعتوں کے پیچھے کون ہے۔