پارلیمنٹ کی اصلاحات کمیٹی پر سپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن لیڈر سمیت دیگر سے مشاورت مکمل کرلی،قومی اسمبلی کے 22اراکین کے ناموں کو شارٹ لسٹ کرلیاگیا،سینیٹ کی جانب سے نام موصول ہونے کے ساتھ ہی نوٹیفکیشن کا اجراء کردیا جائے گا،کم حجم والی پارلیمانی پارٹیوں کو بھی کمیٹی میں نمائندگی دینے کا فیصلہ،اسحاق ڈار کا آفتاب شیرپاؤ،شیخ رشید اوراعجاز الحق سے رابطہ

پیر 21 جولائی 2014 06:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21جولائی۔2014ء)پارلیمنٹ کی اصلاحات کمیٹی پر سپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن لیڈر سمیت دیگر سے مشاورت مکمل کرلی،قومی اسمبلی کے 22اراکین کے ناموں کو شارٹ لسٹ کرلیاگیا،سینیٹ کی جانب سے نام موصول ہونے کے ساتھ ہی نوٹیفکیشن کا اجراء کردیا جائے گا،کم حجم والی پارلیمانی پارٹیوں کو بھی کمیٹی میں نمائندگی دینے کا فیصلہ،اسحاق ڈار کی آفتاب شیرپاؤ،شیخ رشید اوراعجاز الحق سے رابطہ۔

باوثوق ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی وفاقی وزراء اور قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ میں انتخابی اصلاحات کمیٹی پر مشاورت مکمل ہوگئی ہے اور33رکنی کمیٹی کے قیام پر مکمل اتفاق کے بعد22 ممبران پارلیمنٹ کے ناموں کو حتمی شکل دیدی گئی ہے،24 جولائی کو سینیٹ سے11 اراکین سینیٹ کا نام آنے کے بعد کمیٹی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی سے کمیٹی میں زاہد حامد،جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ،انوشہ رحمان،سید نوید قمر اور شازیہ مری شامل ہوں گی جبکہ پارلیمان میں کم حجم رکھنے والی پارلیمانی جماعتوں کو بھی کمیٹی میں نمائندگی دینے کے لئے ان جماعتوں کے ایک ایک رکن کمیٹی میں شامل کیا جائے گا۔اس سلسلے میں حکومت فراخدلی کا مظاہرہ کیا ہے اور کم حجم والی جماعتوں کی نمائندگی کی غرض سے اپنے کوٹے سے 3نشستوں کو چھوڑ دیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاؤ،عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اور مسلم لیگ(ضیاء) کے سربراہ اعجاز الحق سے رابطہ کیا ہے اور انہیں انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شمولیت کی دعوت دی ہے جس پر ان رہنماؤں نے اس پیش رفت کو مثبت قرار دے دیا۔