وزیراعظم نواز شریف سے وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی ملا قات ، توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے حکومت کی شارٹ ٹرم پالیسی پر نظر ثانی کرنے کا بھی فیصلہ،دو نو ں رہنما ؤ ں کا احتجاجی سیاست کی پرواہ نہ کرتے ہوئے یوم آزادی بھرپور طریقے سے منا نے کا فیصلہ

پیر 21 جولائی 2014 06:02

رائیونڈ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21جولائی۔2014ء) وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب نے احتجاجی سیاست کی پرواہ نہ کرتے ہوئے یوم آزادی بھرپور طریقے سے منانے پر اتفاق کیا ہے، حکومت کی توجہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی اور پناہ گزینوں کی امداد پر مرکوز رکھی جائے گی۔وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے درمیان ملاقات رائے ونڈ میں نواز شریف کی رہائش گاہ پر ہوئی، شہباز شریف نے رائے ونڈ آپریشن پر وزیراعظم کو بریفنگ دی،

وزیراعظم نے کامیاب آپریشن پر فورسز کو مبارک باد پیش کی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دہشت گردوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی، ملاقات میں تحریک انصاف کے لانگ مارچ پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ 14 اگست کو بھرپور انداز میں یوم آزادی منایا جائے گا، حکومت اپنی تمام تر توانائیاں آپریشن ضرب عضب کی کامیابی اور متاثرین کی بحالی پر صرف کرے گی، دونوں رہنماؤں نے توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے حکومت کی شارٹ ٹرم پالیسی پر نظر ثانی کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بھی شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں رائے ونڈ آپریشن اور سیکیورٹی کی صورتحال پر گفتگو ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے پارٹی کو درپیش چیلنجز سمیت پرویز مشرف کے کیس پر بھی تبادلہ خیال کیا۔