رائے ونڈ میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال ، دہشت گرد وزیراعظم ہاوٴس کو نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ یوم علی کرم اللہ وجہ اور چاند رات پر دہشت گردی کی کارروائی کرنا چاہتے تھے،مارے گئے دہشت گردوں کا نیٹ ورک بہت وسیع اور اس کا تعلق القاعدہ سے تھا،نیٹ ورک میں مردوں کے ساتھ خواتین بھی شامل ہیں، رپورٹ میں انکشاف،آپریشن کے نتیجے میں زیر حراست ملزمان کی نشاندہی پر مزید 2 دہشتگرد گرفتار،دونوں مبینہ دہشت گردوں کا تعلق خیبر پختون خوا سے ہے

اتوار 20 جولائی 2014 08:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20جولائی۔2014ء ) قا نون نافذ کرنے والے اداروں نے رائے ونڈ میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو بھجوا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ رائے ونڈ میں چھپے دہشت گرد وزیراعظم ہاوس کو نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ یوم علی کرم اللہ وجہ اور چاند رات پر دہشت گردی کی کارروائی کرنا چاہتے تھے، نیٹ ورک کا تعلق القاعدہ سے تھا جس میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی شامل تھیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رائے ونڈ میں مارے گئے دہشت گردوں کا نیٹ ورک بہت وسیع اور اس کا تعلق القاعدہ سے تھا،نیٹ ورک میں مردوں کے ساتھ خواتین بھی شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں کے اس نیٹ ورک کو کافی حد تک توڑ دیا ہے اور اس کے ماسٹر مائنڈ کے قریب پہنچ گئے ہیں، رائے ونڈ سے ڈیٹونیٹر، خودکش جیکٹیں، اشتعال انگیز مواد اور مختلف جگہوں کے نقشے بھی ملے ہیں۔

(جاری ہے)

آپریشن سے قبل گرفتار کئے گئے دہشت گردوں کی نشاندہی پر رائے ونڈ روڈ سے مزید دو افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ انٹلی جنس ذرائع کے مطابق اوکاڑہ اور لاہور سے اہم ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا جن کی نشاندہی پر رائے ونڈ روڈ میں اڈہ پلاٹ کے علاقے سے دو افراد کو پکڑا گیا، ان کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔ پنڈ ا آرائیاں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے بعد جاتی عمرہ رائے ونڈ میں وزیر اعظم نواز شریف کی رہائش گاہ کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے، دوسری جانب پولیس نیگردونواح میں سرچ آپریشن کر کے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

ادھر سیکیورٹی ادارے کے اہلکاروں نے مزید 2 دہشت گردوں سے گرفتار کرکے موبائل فون سمز اور بم بنانے کے فارمولے برآمد کرلئے۔ میڈیا رپور ٹ کے مطابق 3 روز قبل رائے ونڈ میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے نتیجے میں اوکاڑہ سے حراست میں لئے گئے ملزم آزاد خان سے تفتیش کے دوران کئی انکشافات ہوئے ہیں۔ ان انکشافات کی روشنی میں سیکیورٹی فورسز نے رائے ونڈ کے علاقے اڈا پلاٹ میں کارروائی کرتے ہوئے 2 مزید مبینہ دہشتگردوں کو حراست میں لے لیا۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے اور ان کے قبضے سے 11 موبائل فون سمز اور بم بنانے کے فارمولے برآمد ہوئے ہیں، دونوں ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کرکے ان سے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔