امریکہ کا پاکستان اور افغانستان کے درمیان قریبی سرحدی تعاون کی خواہش کا اظہار،یہ بات خطے کے تمام ملکوں کے مفاد میں ہے کہ وہ سرحدوں پر صورتحال کو مستحکم بنائیں‘ ڈینئل فیلڈمین، امریکہ دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کیلئے پاکستان اور افغانستان دونوں کے ساتھ کام کررہا ہے، افغانستان اور پاکستان کیلئے امریکہ کے نائب خصوصی نمائندے کی صحافیوں سے گفتگو

اتوار 20 جولائی 2014 08:39

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20جولائی۔2014ء)امریکہ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان قریبی سرحدی تعاون کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔یہ بات افغانستان اور پاکستان کیلئے امریکہ کے نائب خصوصی نمائندے ڈینئل فیلڈمین نے واشنگٹن فارن پریس سینٹر میں صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہی۔انہوں نے ان الزامات کی تردید کی کہ پاکستان افغانستان کی سرحد پر استحکام کا خواہاں نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ بات خطے کے تمام ملکوں کے مفاد میں ہے کہ وہ سرحدوں پر صورتحال کو مستحکم بنائیں۔ڈینئل فیلڈمین نے کہا کہ امریکہ دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کیلئے پاکستان اور افغانستان دونوں کے ساتھ کام کررہا ہے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ امریکہ ایک جمہوری افغانستان کی معاونت کرنے کیلئے پرعزم ہے لیکن اب یہ افغانوں پر منحصر ہے کہ وہ کیسی قومی حکومت بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔